دنیا

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن بھی روس کو دھمکانے لگا

شیعیت نیوز: برطانوی وزیر اعظم نے یوکرین کے خلاف جارحیت کے نتیجے میں روس کو سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔

پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ یوکرین پر حملے کی صورت میں روس کو سخت ترین پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

بورس جانسن نے ایک بار پھر مغربی ملکوں کے اس دعوے کا اعادہ کیا کہ روس یوکرین پر حملے کا ارادہ رکھتا ہے۔ برطانوی وزیر اعظم نے کہا کہ انہوں نے امریکہ اور فرانس کے صدور، جرمن چانسلر اور نیٹو کے سیکریٹری جنرل کے ساتھ مشترکہ آن لائن اجلاس میں شرکت کی ہے جس میں یوکرین کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

واضح رہے کہ امریکہ، نیٹو اور واشنگٹن کے مغربی اتحادی ایسے وقت میں، یوکرین پر روس کے حملے کا خدشہ ظاہر کرکے اس کی حمایت کا راگ الاپ رہے ہیں کہ ماسکو اعلی ترین سطح پر یہ اعلان کرچکا ہے کہ وہ یوکرین پرحملے کا ہرگز کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔

روس، مشرقی یوکرین کے صوبے دونباس اور کی ایف کے درمیان مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر زور دیتا آیا ہے۔ یوکرین کا الزام ہے کہ روس اس کے مشرقی علاقوں میں علیحدگی پسندوں کی حمایت کر رہا ہے، جس کی روس تردید کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انصاراللہ کے حملہ کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ

دوسری جانب پیرس میں روس اور یوکرین کے وفود کے مابین 8 گھنٹے تک طویل مذاکرات ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق یوکرین کے محاذ پر لگی آگ کو بجھانے کی کوشش کے تناظر میں روس اور یوکرین کے وفود کی پیرس میں ملاقات ہوئی اس موقع پر جرمنی اور فرانس کے نمائندے بھی موجود تھے۔

یوکرینی صدر نےچار ممالک کے درمیان مذاکرات کو امن کی جانب بڑا قدم قرار دیا۔ جبکہ ان مذاکرات میں روس کے نمائندے ’’دیمیتری کوزاک‘‘ نے کہا کہ مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا اور کشیدگی کو کم کرنے کیلئے مذاکرات کا دوسرا مرحلہ 2 ہفتے بعد برلن میں منعقد ہو گا۔

امریکہ جو مشرق میں اپنی حریف بڑی طاقت روس پردباؤ ڈالنے کے لئے ہمیشہ ہی کوئی نہ کوئی حیلہ بہانا اور راستہ تلاش کرتا رہتا ہے، اس وقت یہ دعوی کرتے ہوئے کہ یوکرین کی سرحدوں پر روسی فوجیوں کی موجودگی اس ملک کے لئے ایک خطرہ شمار ہوتی ہے، اس علاقے میں کشیدگی پیدا کرنے اور روس پر دباؤ ڈالنے کے لئے نئے بہانے کی تلاش میں ہے جبکہ روس نے بارہا اعلان کیا ہے کہ یوکرین کی سرحدوں سے ملحقہ علاقوں میں اس کے فوجی اقدامات معمول کی کارروائی ہیں، لیکن امریکہ اوراس کے اتحادی بدستور روس یوکرین سرحد کے حالات کشیدہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

متعلقہ مضامین

Back to top button