قلندیہ مہاجر کیمپ ، اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے تین فلسطینی نوجوان زخمی

01 جنوری, 2022 08:42

شیعیت نیوز: مقبوضہ بیت المقدس کے علاقے قلندیہ مہاجر کیمپ میں قابض اسرائیلی فوج نے مقامی نوجوانوں کے ایک گروپ پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں تین فلسطینی نوجوان زخمی ہوگئے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق تینوں نوجوانوں کو پولیس کے ساتھ جھڑپوں کے دوران گولیاں لگیں اور انہیں رام اللہ کے فلسطین ہسپتال میں منتقل کر دیا گیاہے۔

ایک نوجوان کو پیٹ میں جبکہ دیگر دو نچلے دھڑ میں گولیاں ماری گئی تھیں۔

قلندیہ مہاجر کیمپ میں جھڑپوں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب پولیس افسروں نے قریبی علاقے کفر عقب پر دھاوا بول کر دو نوجوانوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

دریں اثنا صیہونیوں نے غرب اردن میں فلسطینیوں پر فائرنگ کی جس سے متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق غرب اردن کے متعدد علاقوں من جملہ نابلس، الخلیل اور قلقیلیه میں صیہونی فوجیوں کے حملے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں ۔ صیہونی فوجیوں نے مظاہرین پر فائرنگ کی اور آنسو گیس کے شیل داغے۔

چند روز قبل بھی غرب اردن کے صوبے نابلس کے برقہ علاقے پر بھی صیہونی فوجیوں کے حملے میں کم سےکم 127 فلسطینی زخمی ہوئے تھے ۔ زخمیوں میں سے 5 کو براہ راست فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ زخمی ہونے والوں کی اکثریت کا تعلق شمال مغربی شہر نابلس کے فلسطینی علاقے برقہ سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں : انشاءاللہ سال 2022 تکفیریت سے پاک پاکستان کے طور پر منایا جائے گا، علامہ راجہ ناصرعباس

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بیت المقدس کے حزمہ قصبے پر چھاپہ مار کر بڑی تعداد میں فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج کے چھاپے میں26 افراد کو حراست میں لیا گیا۔اس موقع پر قصبے کو فوجیوں نے چاروں جانب سے سخت محاصرےمیں لئے رکھا تھا۔

اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے طوباس کے علاقے میں ایک سابق اسیر کو گرفتار کر کے اسکے گھر کی زبردستی تلاشی لی۔ان فلسطینی اسیر کو چار ماہ قبل ہی اسرائیلی جیل سے رہائی ملی تھی۔

اسرائیلی فوج عموما فلسطینی شہریوں کے خلاف گرفتاریاں عمل میں لاتی رہتی ہے۔ اس وقت بھی اسرائیلی جیلوں میں 4650 قیدی موجود ہیں جن میں 34 خواتین، 160 بچے اور 500 انتظامی قیدی شامل ہیں۔

11:47 صبح اپریل 15, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔