کوئٹہ سے جبری طور پر لاپتہ اہم شیعہ رہنما 9 ماہ بعد باحفاظت بازیاب
شیعیت نیوز: الحمد اللہ کوئٹہ سے جبری طورپر لاپتہ کیئے گئے ایک اور شیعہ عزادار رشید علی طوری باحفاظت بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔رشید علی طوری کو 9ماہ قبل قانون شکن اداروں کے اہلکاروں نے ماورائے آئین اس وقت اغواء کیا تھا جب وہ اپنے دوست جعفرعلی کے ہمراہ کراچی کی جانب سفرمیں تھے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان شیعہ کانفرنس اور مجلس وحدت مسلمین کوئٹہ کے سابق رہنما رشید علی طوری جنہیں 20 مارچ 2021 کو جبری طور پر لاپتہ کردیا گیا تھا آج 9 ماہ کے بعد بازیاب ہوکر واپس اپنے گھرپہنچ گئے ہیں۔
رشید علی طوری کولکپاس چیک پوسٹ سے اس وقت جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا جب وہ ایم ڈبلیوایم ضلع ہزارہ ٹاؤن کے سابق سیکریٹری جنرل جعفرعلی کے ہمراہ کراچی کی جانب سفر کررہے تھے ۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی میں جاری شیعہ مسنگ پرسنز کے احتجاج کے ثمرات، کوئٹہ سے لاپتہ عزادارجعفرعلی بازیاب
واضح رہے کہ رشید علی طوری کے ہمراہ جبری لاپتہ ہونے والے جعفرعلی کو 19 روز بعدرہا کردیا گیا تھا لیکن رشید طوری کو اب 9 ماہ اور 10دن کی قید کے بعد رہا کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رشید علی طوری کا آبائی تعلق کرم ایجنسی پاراچنار سے ہےجبکہ ان کے آباؤاجداد طویل عرصہ سے کوئٹہ میں مقیم ہیں،رشید طوری ایک فعال شیعہ رہنما ہیں اور ہر سال اربعین کے موقع پر تفتان بارڈر اور کوئٹہ میں ملک بھر جمع ہونے والے زائرین امام حسینؑ اور امام رضاؑ کی خدمت میں مصروف عمل رہتے تھے۔
رشید طوری کی باحفاظت واپسی پر اہل خانہ نے مسرت کا اظہار کیاہے ۔ گھر والوں نے شکرانہ ادا کیاہے ، واضح رہے کہ ملک بھر سےاب بھی درجنوں شیعہ عزادار ، علمائے کرام جبری طور پر لاپتہ ہیں جن کی بازیابی کیلئے ان کے اہل خانہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کےپلیٹ فارم سے مسلسل جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔







