فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کا ایک روزہ دورہ سعودی عرب

شیعیت نیوز: فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے سعودی عرب کا ایک روزہ دورہ کیا، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے فرانسیسی صدر کا استقبال کیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جدہ آمد کے بعد ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے میکروں سے شاہی محل میں ملاقات کی اور ان کے اعزاز میں ظہرانے کی میزبانی کی۔
ملاقات میں سعودی عرب اور فرانس کے درمیان مختلف شعبوں میں شراکت داری کا جائزہ لیا گیا۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور فرانس نے لبنان سے سفارتی تعلقات بہتر بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
فرانسیسی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ان کی اور سعودی ولی عہد کی لبنان کے وزیراعظم نجیب میکاتی سے فون پر بات ہوئی ہے جس کا مقصد لبنان اور خلیجی ریاستوں کے درمیان اکتوبر میں پیدا ہونے والے سفارتی بحران کو ختم کرنا تھا۔
فرانسیسی صدر نے اپنی روانگی سے قبل صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سعودی عرب اور فرانس لبنان کے ساتھ تعلقات کی مکمل بحالی پر کام کرنا چاہتے ہیں۔‘
یہ بھی پڑھیں : شام، التنف میں امریکی دہشت گردوں کو زبردست دھچکا، فوجی اڈے پر خوفناک دھماکے
میکروں کا سعودی عرب میں یہ پڑاؤ ان کے خلیج کے دورے کا حصہ ہے جس کے دوران وہ چار دسمبر تک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کا دورہ کر رہے ہیں۔
مملکت کے دورے سے قبل دبئی میں میکروں نے جمعے کو کہا تھا کہ ’خطے میں استحکام کے لیے کام کرنے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ بات چیت ضروری ہے۔‘
میکروں نے لبنان کے وزیر اطلاعات جارج کورداہی کے استعفے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام خلیجی ممالک کی جانب سے لبنان کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کی امید رکھتے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے صدر مختصر دورے کے بعد جدہ سے واپس روانہ ہوگئے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کا کہنا تھا کہ فرانس سمیت کئی یورپی ممالک افغانستان میں مشترکہ سفارتی مشن کھولنے پر کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مشترکہ سفارتی مشن کھولنے کا مطلب طالبان حکومت کو تسلیم کرنا نہیں ہوگا۔