افغانستان کے دارالحکومت کابل میں زوردار دھماکہ ہونے کی اطلاع
شیعیت نیوز: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں زوردار دھماکہ ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
ہمارے نمائندے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ زوردار دھماکہ کی آواز کابل کے مغربی علاقے میں سنی گئی ہے۔ اس سے قبل کابل کے مغرب میں داعش دہشت گرد گروہ کی جانب سے کئے جانے والے دو بم دھماکوں میں کم از کم چار افراد جاں بحق اور دو دیگر افراد زخمی ہو گئے تھے۔
ابل کے مغربی محلوں کے باشندے دارالحکومت میں مسلسل بم دھماکوں سے سخت خوف زدہ ہیں اور آج بھی دھماکے کی آواز سنائی دینے کے بعد کابل کے شہریوں میں سخت خوف و ہراس دیکھنے کو ملا ۔ کابل میں داعش کا اڈہ ہونے کی خبروں کے بعد عام لوگوں میں خوف مزید بڑھتا جارہا ہے۔
پچھلے چند ماہ کے دوران افغانستان کے صوبے ننگرہار، کنڑ، خوست ، کابل ، قندوز اور قندہار میں متعدد دہشت گردانہ حملے اور دھماکے ہوئے ہیں جن کی ذمہ داری دہشت گرد گروہ داعش نے قبول کی ہے۔ یہ ایسی حالت میں ہے کہ افغانستان کی عبوری طالبان انتظامیہ نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے اور داعش کا قلع قمع کرنے کا وعدہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ہمارا فرض جھوٹے بیانات کے خلاف حقیقت کو اجاگر کرنے کا ہے، اسماعیل بقائی ہامانہ
دوسری جانب افغانستان میں طالبان کے عبوری نائب وزیر اعظم ملا عبد الغنی برادر اور وزیر خارجہ امیر خان ملا متقی سے جرمنی اور ہالینڈ کے سفیروں نےعلیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔
طالبان کے ترجمان اور نائب وزیر اطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے ٹوئٹر پر بتایا کہ ملاقات کے دوران جرمنی اور ہالینڈ کے سفارت کاروں پر مشتمل مشترکہ وفد نے نئی افغان حکومت کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مالی امداد کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
ترجمان طالبان کے مطابق سفارتی وفد نے سیاسی تعلقات کے مستقبل پر بھی بات کی جب کہ اساتذہ اور ہیلتھ ورکرز کو تنخواہ دینے کے طریقے کے انتخاب کا بھی وعدہ کیا ۔
ترجمان طالبان کا کہنا تھا کہ وزیر خارجہ امیر خان متقی نے سفارتی وفد کو منشیات کی کاشت، اسمگلنگ اور پروسیسنگ کو روکنے کے لیے کی جانے والی حکومتی کوششوں سے آگاہ کیا اور عالمی برادری کی مدد سے کسانوں کو متبادل معیشت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔







