اہم ترین خبریںیمن

یمنی فوج اور انصار اللہ کا الحدیدہ صوبے میں اپنی پیشقدمی کا باقاعدہ آغاز

شیعیت نیوز: یمن کی فوج اور رضاکار فورس انصار اللہ نے مغربی یمن میں واقع الحدیدہ صوبے میں اپنی پیشقدمی کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔ دوسری طرف سعودی اتحاد کی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران الحدیدہ میں 210 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

المیادین ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق مغربی یمن میں واقع الحدیدہ صوبے میں دسیوں اڈوں سے سعودی اتحاد اور متحدہ عرب امارات کے فوجیوں کے فرار کی خبروں کے بعد جمعے کو رپورٹیں ملی ہیں کہ صنعا کی فوج نے اس صوبے کے ایک بڑے علاقے پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

یمنی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ جارح سعودی اتحاد اور متحدہ عرب امارات کے فوجیوں نے صوبہ الحدیدہ کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اپنے دسیوں اڈوں کو خالی کردیا ہے۔

یمنی ذرائع نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ جارح اتحاد کے فوجی الحدیدہ سے نکل کر مغربی صوبہ تعز کے شہر المخاء کی جانب روانہ ہوگئے اعلان کیا ہے کہ یمن کی افواج نے آج الحدیدہ کے غذائی اشیاء اور ملک پروڈکٹ تیارکرنے والے کارخانوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

المیادین نے زور دے کر کہا ہے کہ یمن کی افواج نے مشرقی الحدیدہ میں شہر الصالح اور اخوان ثابت کامپلکس پر بھی کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : شام کے فوجی جوانوں نے امریکی دہشت گرد فوجیوں کا راستہ روک دیا

دوسری جانب یمنی فوج کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کے آلۂ کاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران الحدیدہ میں 210 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔

المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے صوبے الحدیدہ پر جارح سعودی اتحاد کےجنگی طیاروں اور ڈرون نے پروازیں کیں، توپوں کے گولے اور میزائل داغے اور بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے حملے کر کے 210 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

اسی طرح جارح سعودی اتحاد نے جمعرات کے روز صوبہ مآرب اور صعدہ کے رہائشی علاقوں پر بھی حملے کئے۔ ابھی تک ان حملوں سے ہونے والے جانی اور مالی نقصانات کی رپورٹ سامنے نہیں آئی۔

یمن کے خلاف جنگ اور جارحیت کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے جب سوئیڈن میں صنعاء اور ریاض کے وفد کے مابین 18 دسمبر 2018 کو الحدیدہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تاہم سعودی جنگی اتحاد نے اپنی ہی اعلان کردہ جنگ بندی کی ایک دن بھی پابندی نہیں کی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button