اہم ترین خبریںیمن

یمن فوج نے الجوجہ علاقے میں امریکی جاسوس ڈرون طیارے کو مار گرایا

شیعیت نیوز: یمن کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ کا ایک جاسوس ڈرون طیارہ، صوبہ مآرب کے الجوجہ علاقے میں دشمنانہ کارروائی کے دوران گر کر تباہ ہوگیا ہے۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے منگل کو اعلان کیا ہے کہ اس ملک کی فوج نے صوبہ مآرب کے الجوجہ علاقے میں امریکہ کے ایک جاسوس ڈرون طیارے کو ایک مناسب اسلحے سے مار گرایا ہے رپورٹ کے مطابق یحیی سریع نے کہا کہ اس جاسوس ڈرون طیارے کے ملبے کا ویڈیو موجود ہے اور جلد ہی منظرعام پر لایا جائے گا۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے یاد دہانی کرائی ہے کہ اسکن ایگل ماڈل کا یہ پانچواں ڈرون طیارہ ہے جسے یمن کے فضائی دفاعی سسٹم ، رواں عیسوی سال کے دوران مار گرانے میں کامیاب رہا ہے۔

یمن کی فوج نے گزشتہ مہینوں کے دوران اس ملک کے مختلف علاقوں میں دشمنانہ کارروائیاں انجام دینے والے کئی سعودی ڈرون طیارے بھی مار گرائے ہیں۔ یمن کے شہری علاقوں پر جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں شدت آنے کے ساتھ ہی سعودی عرب کے اندر یمنی فوج اور رضاکار فورس کے دفاعی حملے بھی تیز ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : شام کے فضائی دفاعی سسٹم نے مغربی علاقے حمص پر دشمن اسرائیل کے حملے کو ناکام کردیا

دوسری جانب یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے دوران یمن کیلئے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے کہا ہے کہ یمن کو امن کی برقراری کیلئے ایک سخت چیلنج کا سامنا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق یمن پر سعودی اتحاد کے حملے جاری ہیں اور اس موقع پر اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی ہنس گرینڈ برگ نے پیر کو یمن کے علاقے تعزکے دورے کے موقع پر کہا کہ یمن پر ہونے والے حملے اور بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کا نقصان، ایک جانب انسانی صورتحال کو مزید خراب کر رہا ہے جبکہ دوسری جانب امن و امان کی برقراری کیلئے ہونے والی کوششوں کو سبوتاژ کر رہا ہے۔

اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے کامیابی کی امید کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ یمن میں امن کے لیے کوشش کرنا ایک مشکل کام ہے تاہم ہمیں اس بات کو فراموش نہیں کرنا چاہئیے کہ مذاکرات اور گفتگو کے ذریعے کشیدگی اور جنگ و غارتگری کو شکست دی جا سکتی ہے۔

سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر ملکوں کی حمایت سے مارچ دوہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کررہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے ۔ جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملوں میں دسیوں لاکھ یمنی شہری بے گھر بھی ہوئے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button