آئی ایس او پاکستان کے3 روزہ گولڈن جوبلی کنونشن کا لاہور میں آغاز، ملک بھرسے کارکنان و سابقین کی شرکت
واضح رہے کہ مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کے رفیق شہید محرم علی کے مزار پر بھی حاضری دی اور پھول چڑھائے۔

شیعیت نیوز: امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے پچاسویں سالانہ کنونشن کا آغاز ہوگیا۔ کنونشن میں ملک کے گوش و کنار سے ہزاروں کارکنان شریک ہیں اور قافلوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تین روزہ جہد مسلسل و عزم نو کنونشن کے پہلے روز بانی تنظیم شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی کے مرقد پر سلامی پیش کی گئی۔
اسکاوٹ سلامی کی تقریب میں سابق امامیہ چیف اسکاوٹس سید صفدر بخاری، امامیہ چیف اسکاوٹ غیور نقوی، مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان عارف حسین الجانی اور فرزند شہید ڈاکٹر نقویؒ ، ڈاکٹر دانش نقوی نے خطاب کیا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ آئی ایس او پاکستان کے نوجوان شہداء کے حقیقی وارث اور امین ہیں۔ شہداء کے افکار و کردار پر عمل پیرا اور باہم متحد ہو کر پاکستان کی مضبوطی اور سربلندی کیلئے کردار ادا کرسکتے ہیں۔ امامیہ اسکاوٹس کو یہ اعزاز بھی حاصل رہا ہے کہ کورونا کے دنوں میں جاں بحق ہونیوالوں کو غسل و تدفین کے عمل میں انہوں نے کردار ادا کیا۔ سیلاب ہو یا کوئی اور آفت، امدادی سرگرمیوں میں امامیہ اسکاوٹس ہراول دستے ثابت ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلامی تحریک پاکستان کے رکن گلگت بلتستان اسمبلی ایوب وزیری چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے خوراک مقرر
مرکزی صدر عارف حسین الجانی نے کہا کہ عالمی استعمار ایک منظم سازش کے تحت پوری دنیا میں اسلام کیخلاف برسر پیکار ہے، پاکستان میں بھی جب دشمن نے کوئی سازش کی، تو شہید حسینی کے فرزندوں نے نکل کر وطن کا دفاع کیا۔ اسکاوٹس نے مرقد ڈاکٹر محمد علی نقوی شہپید پر ترانہ پڑھا اور مزار پر پھول چڑھائے گئے۔
واضح رہے کہ مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے ڈاکٹر محمد علی نقوی شہید کے رفیق شہید محرم علی کے مزار پر بھی حاضری دی اور پھول چڑھائے۔ کنونشن کے دوسرے روز نوجوان امید پاکستان سیمینار، میٹرک طلباء کیلئے محب کنونشن اور محفل سابقین تجدید نو سیمینار کا انعقاد ہوگا جبکہ کنونشن کے آخری روز نئے مرکزی صدر کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔