اہم ترین خبریںپاکستان کی اہم خبریں

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچ گئے،ایرانی ہم منصب سے ملاقات

ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے شروع کیے گئے علاقائی لائحہ عمل کی تشکیل کے اقدام کو سراہتے ہوئے،ایران کی میزبانی میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس میں شرکت پر، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا

شیعیت نیوز: پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  دو روزہ سرکاری دورے پر وفد کے ہمراہ تہران پہنچ گئے ہیں۔ امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پاکستان میں ایران کے سفیر محمد علی حسینی، ایران میں تعینات پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی اور وزارت خارجہ کے سینئر افسران نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی تہران میں وزارتِ خارجہ ایران آمد پر ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔

افغانستان کیلئے نمائندہ خصوصی، ایمبیسڈر محمد صادق اور ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ تھے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ اور ان کے وفد کو تہران آمد پر خوش آمدید کہا۔

یہ بھی پڑھیں: انتظار کی گھڑیاں ختم، وزیر اعظم عمران خان نے مارخوروں کےنئے سردار کے نام کا اعلان کردیا

وزیر خارجہ نے افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس میں شرکت کی دعوت پر ایرانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، ایران کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے، ایران کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی مسلسل تائید اور حمایت پر ایرانی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک پر امن اور مستحکم افغانستان، تمام ہمسایہ ممالک کیلئے یکساں اہمیت کا حامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیری مسلمانوں پر بھارتی مظالم کے خلاف اقوام عالم کی جانب سے کسی بھی ردعمل کا مظاہرہ نہ کیا جانا اسلام دشمنی اور تعصب کی بنیاد پر ہے،علامہ راجہ ناصرعباس

21 اکتوبر کو کیے گئے اپنے دورہ ء کابل کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغان شہریوں کو درپیش معاشی و انسانی بحران سے نکالنے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ پاکستان، افغانستان کو تجارتی و سرحدی نقل و حرکت میں سہولیات کی فراہمی جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے شروع کیے گئے علاقائی لائحہ عمل کی تشکیل کے اقدام کو سراہتے ہوئے،ایران کی میزبانی میں منعقدہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے وزارتی اجلاس میں شرکت پر، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ایرانی وزیر خارجہ ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button