ایران

قومی و مذہبی فتنہ انگیزی افغانستان کے دشمنوں کی نئی سازش ہے، ایرانی اسپیکر پارلیمنٹ

شیعیت نیوز: ایرانی اسپیکر پارلیمنٹ نے افغانستان کے صوبہ قندوز کی شیعہ جامع مسجد میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے افغانستان میں قومی و مذہبی فتنہ انگیزی کو افغان عوام کے دشمنوں کی جانب سے رچائی جانے والی نئی سازش قرار دیا۔

ایرانی اسپیکر پارلیمنٹ محمد باقر قالیباف نے اتوار کے روز پارلیمنٹ کے کھلے اجلاس میں افغانستان کے شہر قندوز میں مسجد میں ہونے والے خونریز دھماکے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہایت قابل افسوس بات ہے کہ شہر قندوز کی سید آباد نامی شیعہ جامع مسجد میں ہونے والے اس دھماکے میں درجنوں نمازیوں کی شہادت واقع ہوئی ہے جس سے دنیا کے تمام حریت پسندوں کا دل دہل اٹھا ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس المناک واقعے پر وہ افغان بہن بھائیوں کو تعزیت پیش کرتے ہیں اور شہدا کے اہل خانہ کے لئے صبر کی دعا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فلسطین اور ایران کے موضوع پر انجیلا مرکل اور بینت ایک دوسرے کے آمنے سامنے

ایرانی پارلیمنٹ اسپیکر نے تکفیری دہشت گردوں کے گھناؤنے جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ افغان حکام کا فرض ہے کہ وہ تمام افغان عوام کی سیکورٹی کا خیال رکھیں اور اس خونریز واقعے کے ذمہ دار عناصر کو قرار واقعی سزا دینے کے علاوہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے ضروری تدابیر اختیار کریں۔

انھوں نے کہا کہ افغانستان کے صوبے قندوز میں قومی و مذہبی فتنہ انگیزی امریکیوں کی حمایت سے دہشت گردوں کے ہاتھوں انجام پانے والی دشمنوں کی ایک سازش ہے۔

ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا کہ اسلامی ملکوں کے سربراہوں کو چاہئے کہ وہ مسلمان اقوام کے اتحاد و یکجہتی کی بدولت تکفیری دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیوں کو لگام دیں اور پورے علاقے میں مسلمانوں کے اتحاد کا تحفظ اور انھیں سیکورٹی فراہم کریں۔

واضح رہے کہ نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خود کش دہشت گردانہ بم دھماکے میں تقریبا سو مسلمان نمازی شہید اور ڈیڑھ سو دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ داعش دہشت گرد گروہ نے اس دہشت گردانہ دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔افغانستان میں اقوام متحدہ کے نمائندہ دفتر، ایران، پاکستان اور افغانستان کی مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات اور پارٹی رہنماؤں نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button