دنیا

افغان طالبان کا اسپیشل فورسز کو داعش کے خلاف کارروائی کا حکم

شیعیت نیوز: افغانستان میں طالبان کی حکومت نے اسپیشل فورسز کو داعش دہشت گرد تنظیم کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق طالبان نے اسپیشل فورسز کو افغانستان میں موجود داعش کے کارندوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے تاکہ داعش دہشت گرد مستقبل میں طالبان کے لیے مسائل پیدا نہ کرسکیں۔

طالبان کے ترجمان بلال کریمی کے مطابق داعش کے متعدد دہشت گرد یا تو مارے جا چکے ہیں یا پھر ان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جب کہ افغانستان میں داعش کی پناگاہیں تو موجود نہیں تاہم پھر بھی ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق طالبان فورسز نے داعش دہشت گردوں کے خلاف کابل اور ننگرہار میں کارروائیاں شروع کی ہیں، اس کی وجہ یہ بھی ہے کہ حالیہ دنوں میں افغانستان میں ہونے والے زیادہ تر حملے صوبے ننگر ہار میں کیے گئے ہیں جن کی ذمہ داری داعش دہشت گردوں نے قبول کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : شہید قاسم سلیمانی کی جانفشانیاں نہ ہوتیں تو آج علاقے کا نقشہ کچھ اور ہوتا، امیر عبد اللہیاں

دوسری جانب طالبان نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان کی فضائی حدود میں ڈرون پروازیں بند کرے ورنہ اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ افغانستان میں امریکی انخلا کے باوجود بدستور اس کی ڈرون پروازیں جاری ہیں جو نہ صرف تمام بین الاقوامی حقوق اور قوانین بلکہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں طالبان سے کیے گئے وعدوں کی بھی خلاف ورزی ہیں۔

طالبان افغانستان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ ہم امریکہ سمیت تمام ممالک پر زور دیتے ہیں کہ افغانستان کے ساتھ بین الاقوامی قوانین، حقوق اور وعدوں کے تحت برتاؤ کیا جائے، تاکہ انہیں کسی بھی منفی نتائج کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

امریکی حکام نے تاحال طالبان کے اس بیان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ گزشتہ روز امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف جنرل مارک ملی نے کہا ہے کہ افغانستان سے انخلا نے امریکہ کی ساکھ کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button