عراق

اربعین پیدل مارچ کے زائرین کی سکیورٹی حشد الشعبی کے حوالے

شیعیت نیوز: حشد الشعبی کے کمانڈر علی الحمدانی کا کہنا ہے کہ سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے اربعین پیدل مارچ میں دسیوں لاکھ عراقیوں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی فورسز کی تعداد دو گنا بڑھا دی گئی۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حشد الشعبی کے الفرات الاوسط آپریشنل کمانڈر نے کہا ہے کہ کربلائے معلی میں زائرین کی سکیورٹی کیلئے حشد الشعبی کے 9 ہزار 500 رضاکار تعینات ہوئے ہیں اور 266 گاڑیاں بھی گشت کر رہی ہیں۔

دوسری جانب سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب و انصار کے چہلم کی مناسبت سے ملین مارچ جاری ہے ۔

رپورٹ کے مطابق سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے پیدل مارچ میں دسیوں لاکھ عراقیوں کے علاوہ عراق میں موجود ہزاروں غیر ملکی بھی اربعین پیدل مارچ میں شریک ہیں اور زائرین کا سونامی کربلا سے صرف چند کیلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عراقی وزیر اعظم مصطفی الکاظمی کی پارلیمانی انتخابات میں بھرپور شرکت کی اپیل

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اس سال اربعین کے موقع پر غیر ملکی زائرین کو محدود پیمانے پر عراق میں اربعین مارچ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے تاہم اس سال بھی عراقی عوام اور وہاں موجود غیر ملکی شہری برسہا برس کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اور کورونا وائرس کے پیش نظر طبی اصولوں کی پابندی کے ساتھ بصرہ، ناصریہ اور سماوہ سمیت مختلف علاقوں سے کربلا کی جانب اربعین پیدل مارچ میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ کربلا میں اربعین حسینی کے مراسم عزاداری میں کروڑوں عاشقان امام حسین(ع) کی شرکت دنیائے اسلام کی دوستی، یکجہتی اور اتحاد کا مظہر ہے۔

20 صفر 1443 ہجری قمری مطابق28ستمبر 2021 کل بروز منگل عراق میں حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے باوفا اصحاب و انصار کا چہلم ہے اور اس موقع پر ہر سال دسیوں لاکھ ملکی اورغیر ملکی زائرین کربلا پہنچتے ہیں۔جبکہ پاکستان اور بھارت میں 28 ستمبر بروز منگل اربعین حسینی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button