اہم ترین خبریںعراق

روضۂ امام حسین علیہ السلام میں اسرائیل مردہ باد کے نعروں کی گونج

شیعیت نیوز: اربعین حسینی کے موقع پر امام حسین علیہ السلام کے روضے کے صحن میں مسجد اقصیٰ کے متعدد علماء کی موجودگی دکھائی دی نیز پرجوش انداز میں اسرائیل مردہ باد کے زبردست نعرے بھی سننے کو ملے۔

عراقی ٹی وی چینل آفاق (بدھ ، 22 ستمبر) کچھ تصاویر نشر کی ہیں جن میں امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر امام حسین علیہ السلام کے روضے پر عراقی زائرین کے ساتھ مختلف ممالک کے زائرین بھی موجود تھےنیزاس مقدس حرم کے صحن میں اسرائیل مردہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔

عراقی چینل پر شائع ہونے والی یہ تصاویر مسجد اقصیٰ کے متعدد علماء کی موجودگی کو ظاہر کرتی ہیں جو امام حسین علیہ السلام کے روضے کے صحن میں دوسرے زائرین سے گفتگو کرتے ہیں۔

ان میں سے ایک کہتے ہیں کہ جو بھی امام حسین علیہ السلام کے راستے کو جاری رکھنا چاہتا ہے ، اسے انصاف اور مساوات کے قیام کے لیے اٹھنا چاہیے،تاہم جب تک اسرائیل موجود ہے انصاف اور مساوات قائم نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی پڑھیں : لیہ، سپاہ صحابہ کے شرپسند عناصر کی جانب سے شبیہ علم حضرت عباس علمدارؑ کی توہین اوربے حرمتی، مقدمہ درج

دوسری جانب عراق میں سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے اصحاب و انصار کے چہلم کی مناسبت سے پیدل مارچ جاری ہے اور اس موقع پر حکومت عراق نے زائرین کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے خاص انتظامات کئے ہیں۔

عراقی میڈیا کے مطابق سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے پیدل مارچ میں دسیوں لاکھ عراقیوں کے علاوہ عراق میں موجود ہزاروں غیر ملکی بھی اربعین مارچ میں شریک ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اس سال اربعین کے موقع پر غیر ملکی زائرین کو محدود پیمانے پر عراق میں اربعین مارچ میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے تاہم اس سال بھی عراقی عوام اور وہاں موجود غیر ملکی شہری برسہا برس کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اور کورونا وائرس کے پیش نظر طبی اصولوں کی پابندی کے ساتھ بصرہ، ناصریہ اور سماوہ سمیت مختلف علاقوں سے کربلا کی جانب پیدل مارچ میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ کربلا میں اربعین حسینی کے مراسم عزاداری میں کروڑوں عاشقان امام حسین(ع) کی شرکت دنیائے اسلام کی دوستی، یکجہتی اور اتحاد کا مظہر ہے۔

20 صفر 1443 ہجری قمری مطابق28ستمبر 2021 بروز پیر حضرت امام حسین علیہ السلام اور آپ کے باوفا اصحاب و انصار کا چہلم ہے اور اس موقع پر ہر سال دسیوں لاکھ ملکی اورغیر ملکی زائرین کربلا پہنچتے ہیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button