دنیا

فرانسیسی وزیر خارجہ کا امریکہ اور آسٹریلیا پر دوغلے پن کا مظاہرہ کرنے کا الزام

شیعیت نیوز: فرانسیسی وزیر خارجہ لودریان نے کہا ہے کہ جوہری آبدوز ڈیل پر امریکہ اور آسٹریلیا نے جھوٹ اور دوغلے پن کا مظاہرہ کیا ہے۔

فرانسیسی وزیر خارجہ لودریان نے ایک انٹرویو میں آسٹریلیا کی جانب سے جوہری آبدوزوں کی خریداری کے معاملے پر فرانس سے معاہدہ منسوخ کرکے امریکہ سے ڈیل کرنے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے دیرینہ اتحادیوں امریکہ اور آسٹریلیا کو جھوٹا قرار دیدیا۔

فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ تاریخ میں پہلی بار فرانس نے امریکہ سے اپنا سفیر واپس بلوالیا ہے، یہ اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ ہم خوش نہیں اور ہمارے درمیان اب ایک سنگین بحران ہے جب کہ ہم اپنے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی پوزیشن کا جائزہ لیں گے، یہ معاہدہ دوغلاپن، حقارت اور جھوٹ پر مبنی ہے اور اتحادیوں کے درمیان اس طرح نہیں کھیلا جاتا۔

واضح رہے کہ ایک معاہدے کے تحت امریکہ آسٹريليا کو جوہری ہتھیاروں سے ليس آبدوزوں کی ٹیکنالوجی فراہم کرے گا تاہم اس معاہدے کے بعد آسٹریلیا اور فرانس کے درمیان آبدوزوں سے متعلق 37 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم ہوجائے گا، امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان معاہدے کے بعد فرانس نے شدید احتجاج کرتے ہوئے امريکہ اور آسٹريليا سے اپنے سفيروں کو واپس بلا لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کی مسلح افواج کے سربراہ کا دہشت گرد گروہوں کو سخت انتباہ

دوسری جانب فرانس اور برطانیہ کے وزرائے دفاع کی رواں ہفتے لندن میں ہونے والی ملاقات منسوخ ہو گئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی (اے ایف پی ) کے مطابق فرانس نے اتوار کے روز اپنی وزیر دفاع فلورینس پارلی اور ان کے برطانوی ہم منصب بین ویلس کے درمیان رواں ہفتے طے شدہ ملاقات منسوخ کر دی ہے۔

لندن میں وزارت دفاع کے ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ملاقات کی منسوخی کی تصدیق یا تردید نہیں کر سکتے لیکن برطانیہ ہمارے فرانسیسی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقاتوں کے بارے میں بات چیت میں مصروف ہے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق فرانس کی جانب سے ملاقات منسوخ کرنےکا فیصلہ امریکہ ،برطانیہ اور آسٹریلیا کے درمیان انڈوپیسفک معاہدے کے بعد کیا گیا ہے۔

انڈو پیسفک معاہدے کے تحت امریکہ اور برطانیہ ایٹمی توانائی سے چلنے والی آبدوزیں بنانے میں آسٹریلیا کو مدد فراہم کرینگے۔ انڈو پیسفک معاہدے کی وجہ سے 2016ء میں فرانس اور آسٹریلیا کے درمیان آبدوزیں فراہم کرنے کا 36.5 ارب ڈالر کا معاہدہ ختم ہو گیا ہے جس کے بعد فرانسیسی صدر میکرون نے امریکہ اور آسٹریلیا سے اپنے سفیر واپس بلا لیے تھے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button