دنیا

امریکہ طالبان رہنماؤں کے نام بلیک لسٹ سے خارج کرے، طالبان ترجمان محمد نعیم

شیعیت نیوز: طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس گروہ کے بعض رہنماؤں کے نام بلیک لسٹ سے خارج کردے۔

دوحہ میں قائم طالبان کے سیاسی دفتر کے ترجمان محمد نعیم نے کہا ہے کہ طالبان رہنماؤں کے نام بلیک لسٹ سے خارج کرنا دوحہ میں ہونے والے امریکہ طالبان معاہدے کا حصہ ہے اور واشنگٹن کو اس کی پابندی کرنی چاہیے۔

محمد نعیم نے کہا کہ طالبان افغانستان کی سرزمین کو دیگر ملکوں کے خلاف استعمال نہ ہونے کے وعدے پر عملدرآمد کے پابند ہیں۔

طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی گزشتہ روز کہا تھا کہ حقانی گروپ سمیت بعض طالبان رہنماؤں کے نام بلیک لسٹ میں باقی رکھنا ، دوحہ معاہدے کے منافی ہے اور امریکہ اور افغانستان دونوں کے حق میں نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : بیت المقدس میں چاقو حملے میں قابض اسرائیلی پولیس اہلکار زخمی، حملہ آور شہید

دوسری جانب افغانستان میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے کابینہ کی تقریب حلف برداری منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا ہے کہ طالبان کی عبوری کابینہ کی حلف برداری کی تقریب اب پلان کا حصہ نہیں، پہلے پروگرام میں تھا کہ ہم حلف برداری کی تقریب رکھیں گے، اس کے لیے ضروری تھا کہ دوسرے ممالک سے وفد مدعو کیے جائیں جب کہ پروٹوکول کے انتظامات اور عوام کے لیے سروسز کی ضرورت تھی۔

انہوں نے کہا کہ طالبان رہنماؤں نے فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر وزرا کا اعلان کیا جائے کیوں کہ عبوری کابینہ کا اعلان ہوچکا لہذا اب تقریب کینسل ہوچکی ہے۔ طالبان کے ترجمان نے11 ستمبر کو امریکہ پر ہونے والے حملوں کے 20 سال مکمل ہونے پر حلف برداری تقریب کے اعلان کو بھی افواہ قراردیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل طالبان نے 11 ستمبر کو امریکہ پر ہونے والے حملوں کے 20 سال مکمل ہونے پر حلف برداری تقریب کا اعلان کیا تھا ۔ جب کہ چند روز قبل طالبان نے افغانستان میں عبوری حکومت تشکیل دیتے ہوئے کابینہ کے ناموں کا اعلان کیا تھا، طالبان حکومت کے قائم مقام وزیراعظم محمد حسن اخوند جب کہ ملا عبدالغنی برادر اور ملا عبدالسلام نائب وزرائے اعظم ہوں گے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button