پاکستان کی اہم خبریں

یوم دفاع پاکستان ، مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب

شیعیت نیوز: ملک بھر میں آج یوم دفاع پاکستان بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

مسلح افواج کے غازیوں اور شہدا کو سلام اور خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے کراچی میں مزارقائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ اس پر وقار تقریب میں مزار قائد پرگارڈز کے فرائض پاک فضائیہ کےکیڈٹس نے سنبھال لیے۔

6 ستمبر 1965ء جب دشمن بھارت نے بغیر اعلان کیے پاکستان پر حملہ کر دیا، اس دن پاک افواج کےدلیر اور جری جوانوں نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا اور جذبہ حب الوطنی کے تحت بےدریغ لڑتے ہوئے دشمن کے دانت کھٹے کر دیے۔

65ء کی جنگ کے شہدا کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئےلاہور کینٹ میں یادگارِ شہدا پر پُروقار تقریب ہوئی۔

گیریژن کمانڈر نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی طرف سے پھول چڑھائے اور پاک فوج کے چاق چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں : 6ستمبریوم دفاع ،بھارتی غرور وتکبر کو خاک میں ملانے کا دن ،ملی جوش وجذبےاور شہدائے وطن کی یاد کیساتھ منایا جارہاہے

یادگار شہدا کے ساتھ آرمی میوزیم بھی بنایا گیا ہے جس میں جنگ ستمبر کے دوران دشمن سے چھینے گئے ہتھیار رکھنے کے علاوہ تحریک پاکستان کی تصویری منظر کشی بھی کی گئی ہے۔

میوزیم کے مختلف حصوں کوشہدا کارنر، نشانِ حیدر گیلری، پاکستان کی جنگی تاریخ، دنیا کے بلند ترین جنگی محاذ سیاچن پر زندگی، کشمیر کارنر، نئی قوم کی تشکیل، قائد اور افواج، دہشت گردی کے خلاف جنگ، پاکستان کا اقوام متحدہ امن مشن میں کردار، اقلیتوں کی قومی تعمیر میں کاوشیں اور قربانیاں کے نام دیے گئے ہیں۔

آرمی میوزیم میں ہر قدم پر قبضے میں لیا گیا دشمن کا سامان اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ قوم کے بہادر سپوتوں نے کس جواں مردی کے ساتھ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک ملایا۔

دوسری جانب آج یوم دفاع پاکستان کے موقع پر پاکستان کے صدر اور وزیراعظم نے پیغامات بھی دیئے ہیں۔

پاکستان کےصدر عارف علوی نے کہا ہے کہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے بے مثال جرأت مندی سے دشمن کے عزائم کو خاک میں ملایا تھا۔

ادھر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی یوم دفاع پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ زندہ قومیں آزمائشوں سے گزر کر اور زیادہ مضبوط ہو جاتی ہیں، 1965 میں پاکستانی قوم مضبوط چٹان کی طرح دشمن کے سامنے ڈٹ گئی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ وطن کی سلامتی کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

واضح رہے کہ آج یوم دفاع پاکستان جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔

 

متعلقہ مضامین

Back to top button