حیدر آباد، شیعہ سنی علماء واکابرین نے دینی مقدسات کی توہین کرنے والوں سے برات کا اعلان کردیا

23 اگست, 2021 12:23

شیعیت نیوز: حیدر آباد کے شیعہ سنی علماء واکابرین نے دینی مقدسات کی توہین کرنے والوں سے اعلان برات کردیا ۔حیدرآباد شہر میں امن و امان اور بھائی چارے کی فضاء برقرار رکھنے کے لئے ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ نے اے ایس پی کینٹ احمد چوہدری کے ہمراہ اپنے آفس میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام اور معززین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔

جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، جماعت اسلامی کے صوبائی رہنماء عبدالوحید قریشی، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی رہنماء تاج محمد ناہیوں، پاکستان سنی تحریک کے عمران سہروردی، علامہ سید حیدر عباس زیدی، علامہ کرم علی حیدری، عبدالواحد سواتی، قاری احمد سعیدی سنجرانی، سید معظم شاہ، خالد سیف، صفدر عباسی، ڈاکٹر محمد یونس دانش، پیر سعید احمد شاہ چشتی، ناظم آرائیں، عقیل احمد خان، قاری محفوظ الرحمن، مولانا ابرار شریف، خالد سیف، احسن ناغر، آغا ندیم جعفری، صاحبزادہ محمود احمد قادری، سید عبدالغنی شاہ، نعیم اختر رضوی اور وقار خان سمیت دیگر معززین اجلاس میں شریک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: شیعیان حیدرکرارؑ بلتستان کی اعلیٰ ظرفی غواڑی میں جلوس عاشورا پر حملہ کرنے والوں کو معاف کردیا

علماء کرام نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ محرم الحرام کا احترام اور امن برقرار رکھنا اہل ایمان کا شرعی اور ملی فریضہ ہے، شہداء کربلاؑ اور خانوادہ رسولؑ کی محبت ایمان کی جان ہے، وقتی اور مسلکی اختلافات کو ماہ محرم الحرام کے تقدس اور امن کے راستہ کی رکاوٹ نہیں بننے دیا جائے گا۔ علماء کرام نے پوری قوم سے اپیل کی کہ ماہ محرم الحرام کے تقدس اور امن کو یقینی بنائیں، کسی بھی اسلام اور پاکستان دشمن کو شیطانی کھیل کھیلنے اور امن کو تہہ بالا کرنے کا موقع نہ دیں، اس بات پر سب کا اتفاق ہے کہ تمام مسالک کے مقدسات کا احترام نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ مقدسات کا احترام نہیں کررہے ہم ان سے برات کا اعلان کرتے ہیں، یہ لوگ ملک دشمن ہیں جو فرقہ واریت کی آگ بھڑکا کر اس ملک کی سالمیت سے کھیل رہے ہیں، ملک میں اتحاد اور بھائی چارے کی فضاء کو سبوتاژ کرکے ملک دشمن کے آلہ کار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ علماء کرام نے کہا کہ ایسے حالات میں ہم ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ اور حیدرآباد پولیس کے انتہائی شکر گزار ہیں جنہوں نے اس نازک مراحل میں اپنے محکمانہ تجربے کے ذریعے اس بڑھتی ہوئی آگ کو ٹھنڈا کیا اور سب کو متحد رکھتے ہوئے امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھا۔

1:50 صبح اپریل 8, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔