شیعیان حیدرکرارؑ بلتستان کی اعلیٰ ظرفی غواڑی میں جلوس عاشورا پر حملہ کرنے والوں کو معاف کردیا

23 اگست, 2021 12:06

شیعیت نیوز: شیعیان حیدرکرارؑ بلتستان نے جذبہ حب الوطنی واتحاد بین المسلمین کی خاطر اعلیٰ مثال کرتے ہوئے غواڑی میں جلوس عاشورا پر حملے میں ملوث عناصر کو معاف کرنے کا اعلان کردیا۔

بلتستان کے ضلع گانچھے میں یوم عاشور کو پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر اہل حدیث علماء نے معافی مانگ لی جس کے بعد معاملہ افہام و تفہیم سے حل ہو گیا۔ گزشتہ کئی روز سے علماء، عمائدین اور صوبائی وزراء معاملے کا حل نکالنے کیلئے دن رات کوششیں کر رہے تھے۔ علماء و عمائدین کے مابین مسلسل دو روز تک مذاکرات ہوتے رہے۔

پیر کی شب انجمن اہل حدیث بلتستان کے سرکردہ علماء و عمائدین کے ایک نمائندہ وفد مولانا عبد الواحد اور ڈاکٹر محمد علی جوہر کی قیادت میں انجمن امامیہ بلتستان کا دورہ کیا اور غلط فہمی کی بنیاد پر رونما ہونے والے اس ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قائد ملت جعفریہ بلتستان علامہ شیخ محمد حسن جعفری اور دیگر شیعہ علماء و سرکردگان سے معافی مانگی۔ نیز انہوں نے آئندہ بھی اس طرح کے ناخوشگوار واقعہ کے تدارک اور جلوس کے حوالے سے کسی قسم کی رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر غواڑی کے اہل تشیع اور اہل حدیث علماء و سرکردہ افراد بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: شیعہ سنی مسلمانوں کی منفرد مجلس عزا ،تبرک میں نام حسینؑ پودوں کی تقسیم

علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے اہل حدیث کے نمائندہ وفد کے اس خیر سگالی جذبہ کی قدر دانی کی اور آئندہ بھی تمام مسالک کے لوگوں کو روایتی امن و بھائی چارے کی فضا قائم کرنے کی تلقین کی۔ طرفین کے قائدین نے اس سلسلے میں ثالثی کا کردار ادا کرنے والے صوبائی وزراء اور گلگت بلتستان صوبائی امن کمیٹی کے ممبران کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ یوم عاشور کو گانچھے کے محلہ غواڑی میں جلوس کے شرکا پر پتھرائو کیا گیا تھا جس کی وجہ سے پچاس کے قریب عزادار زخمی ہوئے تھے۔

شرپسندوں نے مسجد اور علم کی بھی بیحرمتی کی جس کے بعد بلتستان میں حالات غیر یقینی کا شکار ہو گئے۔ صوبائی وزرا، صوبائی امن کمیٹی اور مقامی علماء و عمائدین نے کئی روز تک معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوششیں کیں۔ انجمن اہل حدیث کی جانب سے واقعے پر معذرت اور آئندہ جلوسوں میں رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی کے بعد معاملہ حل ہو گیا اور صورتحال معمول پر آگئی۔

6:58 شام اپریل 7, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔