اہم ترین خبریںعراق

کربلائے معلی میں عزادارئ امام حسین علیہ السلام

شیعیت نیوز: عاشورائے محرم الحرام 1443ھ کی مناسبت سے کل کربلائے معلی میں دسیوں لاکھ محبین اہلبیت (ع) نے جمع ہو کر نواسہ رسول(ص) حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے باوفا خاندان و اصحاب کی قتل گاہوں پر اپنی عزاداری کے ذریعے حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور آپکے وارث برحق کے حضور تعزیت پیش کی۔

دسویں محرم الحرام 1443ھ، نواسہ رسول(ص) حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے 72 باوفا اہل خاندان و اصحاب کے یوم شہادت کی مناسبت سے دسیوں لاکھ محبین اہلبیت(ع) نے کربلائے معلی میں شہداء کی قتل گاہ پر حاضری دی اور اپنی دلسوز عزاداری کے ذریعے حضرت رسول خدا صلی اللہ علیہ والہ وسلم و امام زمانہ(عج) کے حضور تعزیت پیش کی۔ اس موقع پر عزاداران امام حسین(ع) آپ کے روضے میں داخل ہوتے اور بآواز بلند کہتے "یا زہراء(س)! ہم حسین(ع) کو کبھی نہ بھولیں گے!” (ما ننسی حسینا)

عزاداران امام حسین علیہ السلام، اس دوران آپ کے حرم مبارک سے گزرتے ہوئے قریب ہی واقع آپ کے سپہ سالار و بھائی حضرت عباس علمدار کے حرم کی جانب بڑھ جاتے اور حضرت قمر بنی ہاشم کی عظیم و فاداری کی قسم کھاتے ہوئے وارث امام حسین(عج) کے ساتھ تجدید بیعت انجام دیتے۔

یہ بھی پڑھیں : دنیا میں ظلم کے خلاف جدوجہد جاری رہے گی، وزیرخارجہ جواد ظریف

دوسری جانب عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی نے ملک کے مشرقی صوبے دیالہ میں دہشت گردوں کی باقیات کے خلاف بھرپور فوجی آپریشن شروع کردیا ہے۔

بغداد میں عراق کی عوامی رضاکار فورس حشد الشعبی کے ترجمان صادق الحسینی نے بتایا ہے کہ داعش اور دیگر دہشت گردوں کی باقیات کے خلاف یہ وسیع آپریشن دریائے دیالہ کے ساحلی علاقوں میں تین اطراف سے انجام پارہا ہے۔

دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ عراق کے سیکورٹی اداروں نے صوبہ الانبار میں ایک کارروائی کے دوران داعش کے میڈیا ونگ کے سرغنہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔

عراق کی وزارت توانائی نے بھی اعلان کیا ہے کہ صوبہ کربلا میں بجلی کے ایک ٹرانسمیشن ٹاور کو دھماکے سے تباہ کردیا گیا ہے۔

عراق کی وزارت توانائی نے کہا کہ ایک ہفتے پہلے بھی بجلی سپلائی کی اسی لائن پر ایسا ہی حملہ ہوا تھا اور یہ حملہ عراقیوں سے دہشت گردوں کی گہری نفرت و دشمنی کا عکاس ہے۔

واضح رہے عراق میں داعش کی شکست کے باوجود اب بھی اس گروہ کے بعض عناصر اس ملک میں موجود ہیں اور اکا دکا کارروائیاں انجام دیتے رہتے ہیں۔

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے اسلامی جمہوریہ ایران کی فوجی مشاورت سے سن دوہزار سترہ میں داعش کی نام نہاد خلافت کا خاتمہ کردیا تھا۔

متعلقہ مضامین

یہ بھی ملاحظہ کریں
Close
Back to top button