شام کے شہر درعا میں 2 مرحلوں پر مشتمل جنگ بندی کا معاہدہ طے پا گیا
شیعیت نیوز: شام کے جنوبی شہر درعا میں حکومت مخالف مسلح جنگجوؤں کی مذاکرات کمیٹی کے ترجمان عدنان المسالمہ نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ روز شامی حکومت، روس اور حکومت مخالف مسلح جنگجوؤں کے نمائندوں کے درمیان ایک مذاکراتی نشست منعقد ہوئی تھی۔
عرب چینل الجزیرہ کے مطابق عدنان المسالمہ نے کہا کہ ان مذاکرات کے دوران روس کی جانب سے حکومت مخالف مسلح جنگجوؤں کو جنگ بندی کی پیشکش دیتے ہوئے تاکید کی گئی کہ وہ آئندہ 2 ہفتوں کے دوران جنگ بندی کا ضامن ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کروانے والی، دونوں فریقوں کے نمائندوں پر مشتمل نئی کمیٹی کی تشکیل کے لئے آئندہ 14 روز کے دوران مزید مذاکرات انجام پائیں گے جبکہ آج سے روسی گشتی پارٹیاں درعا البلد میں گشت کرتے ہوئے جنگ بندی کی نگرانی کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں : آل خلیفہ کی شاہی حکومت محرم کا تقدس پامال نہ کرے، بحرینی علمائے کرام
الجزیرہ نے شامی حکومت مخالف مسلح جنگجوؤں سے نقل کرتے ہوئے بتایا کہ 2 مرحلوں پر مشتمل یہ معاہدہ 1 ماہ کے لئے ہے جس کا پہلا مرحلہ 15 اگست سے شروع ہو کر اس ماہ کے اختتام تک جاری رہے گا بشرطیکہ اس دوران روسی فورسز جنگ بندی کی نگرانی کریں۔
الجزیرہ کے مطابق اس مرحلے کے دوران شہر درعا میں موجود شامی مخالف مسلح جنگجوؤں کی حالت کا بغور جائزہ لیا جائے گا اور جو جنگجو اپنی اصلاح کے لئے تیار نہ ہوں گے انہیں ملک کے شمالی علاقے میں بھیج دیا جائے گا جبکہ اسی مرحلے کے دوران روسی انٹیلیجنس، روسی فوج اور درعا البلد کے رہائشیوں پر مشتمل ایک اور کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی جس کی ذمہ داری جنگ بندی کے مراحل پر نگرانی ہو گی جبکہ اس معاہدے کا پہلا مرحلہ، شہر درعا میں واقع العباسیہ چھاؤنی میں شامی پولیس کی آمد پر اختتام پذیر ہو گا۔
ستمبر کے اوائل سے شروع ہونے والے اس معاہدے کے دوسرے مرحلے میں درعا البلد میں شہری سہولیات کا آغاز کر دیا جائے گا اور شہر میں شامی و روسی فورسز کی چیک پوسٹیں بھی قائم کی جائیں گی تاکہ علاقے کی سکیورٹی پر نگرانی کی جا سکے۔







