یمن کے مظلوم عوام پر بمباری بند کی جائے، پاکستان کو اس تنازع میں نہ دھکیلا جائے، علامہ مقصود ڈومکی

16 اکتوبر, 2026 19:17

شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صوبائی صدر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ضلع کشمور کے دو روزہ تنظیمی دورے کے دوران کندھ کوٹ میں جکھرانی ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یمن کے مظلوم عوام کئی سالوں سے جنگ، بمباری اور دہشت گردی کا سامنا کر رہے ہیں اور نہتے یمنی شہریوں کے خلاف طاقت کا بے دریغ استعمال کسی صورت قابل قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کے بھی کچھ اصول ہوتے ہیں اور انسانی جانوں کا تحفظ ہر حال میں ضروری ہے۔ قرآن کریم کی واضح تعلیم ہے کہ اگر اہل ایمان کے دو گروہوں میں لڑائی ہو جائے تو ان کے درمیان صلح کرائی جائے، لہٰذا جنگ کو پھیلانے کے بجائے امن، مذاکرات اور مفاہمت کا راستہ اختیار کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران سعودی عرب اور یمن کے درمیان مذاکرات شروع کرانے کو تیار ہے، بحرانوں کا فوجی حل نہیں، ایرانی وزیر خارجہ

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ پاکستان امت مسلمہ میں اہم مقام رکھتا ہے، اسے کسی بیرونی طاقت کے ایجنڈے کا حصہ بننے کے بجائے اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد، صلح اور خیرخواہی کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے، اور پاکستان کو یمن کے تنازع میں دھکیلنے کی کوششیں ملک و قوم کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یمنی عوام عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے سرشار ہیں اور صنعاء میں عید میلاد النبی کے عظیم الشان جلوس اس کا نمایاں اظہار ہیں۔

سندھ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فارم 47 کے ذریعے قائم ہونے والی حکومت کو نئے صوبوں کا شوشہ چھوڑنے کے بجائے عوامی مسائل حل کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے ضلع کشمور میں قبائلی تنازعات اور بگڑتی امن و امان کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ قبائلی تنازعات کے مستقل حل کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

8:20 شام اکتوبر 16, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔