ایم ڈبلیو ایم مظلوم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے، علامہ مقصود ڈومکی
Allama-Maqsood-Domki
شیعیت نیوز : مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر گذشتہ دو سال سے غیر قانونی طور پر بھارتی فوج کے محاصرے میں ہے، جہاں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے 2 برس قبل 5 اگست 2019ء کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت بدل کر عدل و انصاف کی دھجیاں اڑائی ہیں کیونکہ متنازع علاقے کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنا اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے، کشمیر کی آئینی حیثیت کی منسوخی کے فیصلے کے بعد 12 ہزار سے زیادہ کشمیری رہنماؤں اور کارکنوں کی جبری گمشدگیاں بھارتی بربریت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوں ایک لاکھ سے زائد کشمیری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جو کہ انسانی حقوق کی تنظیموں کے لئے بھی سوالیہ نشان ہے، عالمی برادری کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے انسانی اور سیاسی حقوق کے لئے آواز بلند کرے۔
یہ بھی پڑھیں آیت اللہ ابراہیم رئیسی کے دور میں پاک ایران تعلقات میں استحکام آئے گا، علامہ ناصر عباس جعفری
علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور ان کی حق خودارادی کے ساتھ کھڑا ہے، پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں، عالمی رہنماؤں کی خاموشی ہندوستان کو کشمیر پر غیر قانونی قبضے اور مظالم کو جاری رکھنے کا جواز فراہم کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم پاکستان کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ ہے اور ہم ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔







