اہم ترین خبریںلبنان

جنوبی لبنان کے علاقے پر صیہونی حکومت کا زمینی اور فضائی حملہ

شیعیت نیوز: فلسطینی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ صیہونی حکومت نے مقبوضہ فلسطین کے ساتھ ملنے والے جنوبی لبنان کے علاقے کو ایک بار پھر اپنے حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ جمعرات کی صبح صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے علاقے حرجیہ پر کئی میزائل فائر کئے۔

بعض آزاد ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے ایف 16 جنگی طیاروں نے حملہ کیا ہے۔ یہ حملہ ایسے میں ہوا ہے کہ جب عبری زبان کے ذرائع ابلاغ نے بدھ کے روز جنوبی لبنان پر صیہونی توپ خانوں کے حملوں کی خبر دی تھی۔

صیہونی حکومت کا دعویٰ ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی جانب لبنان سے فائرکئے گئے 3 میزائلوں کے بعد جنوبی لبنان کے سرحدی علاقوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : دشمن محرم الحرام کو خون آلود کرنا چاہتے ہیں، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل

المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو جنوبی لبنان پر صیہونی توپ خانوں کے حملوں کے تھوڑی ہی دیر بعد دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی لبنان کے تل ارمز سے شمالی الناقورہ تک کے علاقوں پر صیہونی حکومت نے گولہ باری کی ہے ۔ اس حملے میں لبنان کے اندر توپوں کے ستائیس گولے فائر کئے گئے جو کھلی فضا میں گرے ہیں اور کسی خاص ہدف پر نہیں لگے ہیں۔

صیہونی فوج نے بھی ایک بیان جاری کر کے جنوبی لبنان پر دوبارہ حملے کی تصدیق کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان حملوں کے ساتھ ہی صیہونی حکومت کے ’’ ایم کا‘‘ ماڈل کے ایک ڈرون طیارے نے شبعا اور العرقوب سمیت جنوبی لبنان میں جاسوسی پرواز انجام دی۔

اس سے پہلے بدھ کو ہی لبنان سے مقبوضہ علاقوں میں کم سے کم تین میزائل فائر کئے گئے ہیں جن میں سے دو میزائل ٹھیک نشانے پر لگے اور اس کے نتیجے میں کریات شمونہ صیہونی کالونی میں آگ لگ گئی۔

صیہونی ذرائع نے اس میزائلی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ الجلیل کے علاقے میں فوج کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کا دفاعی سسٹم اسٹروم ڈوم ان دونوں میزائلوں کو روکنے میں ناکام رہا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button