گورنر سندھ عمران اسماعیل سے جعفریہ الائنس کے وفد کی ملاقات
محرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔

شیعیت نیوز : گورنر سندھ عمران اسماعیل سے جعفریہ الائنس کے وفد نے علامہ سید رضی جعفر نقوی کی سربراہی میں ملاقات کی۔ اجلاس میں گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر سید سیف الرحمن کے علاوہ ایم پی اے فردوس شمیم نقوی، ایم پی اے بلال غفار، ایم پی اے خرم شیر زمان، علامہ حسین مسعودی، علامہ رضی حیہدر زیدی، شبر رضا، علامہ فرقان حیدر عابدی اور علامہ نثار قلندری جبکہ علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
ملاقات میں محرم الحرام اور صفر المظفر کے جلوسوں اور اجتماعات کی سیکورٹی کے انتظامات، کورونا ایس او پی پر عملدرآمد، پانی و بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور دیگر دلچسپی کے حامل امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گورنر عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ علماء اور مجالس کے منتظمین کووڈ کی ایس او پی پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں، این سی او سی کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر حرف بہ حرف عمل کرکے ہی اس وباءسے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں زائرین امام حسینؑ کیلیے بڑی خوشخبری، پی آئی اے نے بڑا اعلان کردیا
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے پرو ایکٹو اقدامات کے تحت کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں اور شرپسند عناصر پر نظر رکھیں، محرم الحرام کے حوالے سے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مزید کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے علماء اور امن کمیٹیوں کو بھی فعال رکھا جائے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ اراکین اسمبلی اپنے متعلقہ حلقوں کے اہم افراد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کے ساتھ موثر اور مسلسل رابطہ میں رہیں۔ گورنر سندھ نے محرم الحرام کی مجالس اور جلوسوں میں اسکاؤٹس کی خدمات کو بھی سراہا۔