کوئٹہ سے شیعیان حیدرکرارؑ کیلئے بڑی خوشخبری ، ساڑھےتین سال بعدمومنین کے گھروں میں جشن کا سماں
شیعیت نیوز: الحمد اللہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کی مسلسل جدوجہد اور مجلس وحدت مسلمین کےمرکزی رہنما وسابق وزیر قانون بلوچستان آغا سید محمد رضا ہزارہ کی پرزور کوششوں کی بدولت دسمبر 2017سے ایک ہی خاندان کے جبری لاپتہ 4 شیعہ عزادار بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گئے۔ چاروں شیعہ عزاداروں کا تعلق نور ویلفیئرٹرسٹ کوئٹہ سے ہے ۔
تفصیلات کے کوئٹہ کی شیعہ ہزارہ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے 4 شیعہ عزادارساڑھےتین سال بعد بازیاب کروالیئے گئے۔چاروں بازیاب عزادار آج شب 30:11 پر بازیاب ہوکر باحفاظت اپنے اپنے گھروں کو پہنچ گئے ہیں۔ چاروں بازیاب عزاداروں کو ایم ڈبلیوایم کے مرکزی رہنما و سابق وزیر قانون بلوچستان آغاسید محمد رضا ہزارہ نے خود اپنی گاڑی میں ان کے گھروں تک پہنچایا اوران کے اہل خانہ کے حوالے کیا۔
ذرائع کے مطابق بازیاب ہونے والوں میں عامر چنگیزی، مختار حسینی، چنگیز علی اور عمران علی شامل ہیں جن کا تعلق ایک ہی گھرانے اور کوئٹہ کے ایک فعال فلاحی ادارے نورویلفیئر ٹرسٹ سے بتایا جاتا ہے۔ان چاروں عزاداروں کو ساڑھے تین برس قبل یعنیٰ دسمبر 2017 میں کوئٹہ سے جبری طور پر لاپتہ کیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: محرم الحرام کی آمد ،سندھ حکومت نے بلدیاتی اداروں کو حکم نامہ جاری کردیا
واضح رہے کہ ان افراد کی جبری گمشدگی کے بعد ان کے گھر کی خواتین نے مختلف مقامات پر مختلف اوقات میں بھرپوراحتجاج ریکارڈ کروایا لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کی جانب سے چند ماہ قبل مزار قائد کراچی کے سامنے 28 روز طویل احتجاجی دھرنا دیا گیا جس میں کوئٹہ کے شیعہ مسنگ پرسنز کے اہل خانہ کی نمائندگی ان کےعوامی نمائندے اور ایم ڈبلیوایم کے سابق وزیر قانون آغا رضا ہزارہ نے کی تھی اور آج ان جبری گمشدہ عزاداروں کو آغا رضا ہی نے ان کے گھر پہنچایا ہے۔
الحمد اللہ آج طویل جبری گمشدگی کاٹنے کے بعد یہ چاروں عزادار ایک بار پھر اپنے اہل خانہ سے ملے تو جذبات دیدنی تھے،ہر آنکھ خوشی سے اشکبار تھی۔ بازیاب عزاداروں کی مائیں ،بہنیں اور بچے ان سے لپٹ لپٹ کر زاروقطار رورہے تھے۔ بازیاب ہونے والے عزاداروں اور ان کے اہل خانہ نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز اورمجلس وحدت مسلمین کی قیادت، علامہ راجہ ناصرعباس جعفری اور آغا سید محمد رضا ہزارہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیاہے۔







