عراقی حزب اللہ بریگیڈ نے امریکہ کو کھلی دھمکی دے دی
شیعیت نیوز: عراق کی رضاکار فورس حشد الشعبی میں شامل حزب اللہ بریگیڈ نے امریکہ کو کھلی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک ملک سے ایک ایک غیر ملکی فوجی کو نکال باہر نہیں کر دیں گے، تب تک امریکی فوجی ٹھکانوں پر حملے جاری رہیں گے۔
عراقی حزب اللہ بریگیڈ کے سینئر کمانڈر ابو علی العسکری نے ٹوئٹ کیا کہ عراق کے عوام کو ہر طرح کی مزاحمت کا فطری حق ہے۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگرامریکہ نے مزاحمتی گروہوں کو نشانہ بنایا تو اسے منہ توڑ جواب کے لئے تیار رہنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ عراقی مزاحمتی گروہوں کا آخری ہدف، ملک پر غیر قانونی قبضہ کرنے والی طاقتوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کرنا ہے تاکہ پارلیمنٹ میں منظور ہونے والے قانون کو نافذ کیا جا سکے۔
عراقی حزب اللہ بریگیڈ کے سینئر کمانڈر کا کہنا تھا کہ غدار اور مجرم وہ ہیں جو ملک پر غاصبانہ قبضہ کرنے والی طاقتوں اور قاتلوں کا دفاع کرتے ہیں، نہ وہ جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ ملک کے اقتدار اعلی اور عوام کی جان کی حفاظت کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایف بی آئی نے حاکم دبئی کی بیٹی شہزادی لطیفہ کے خفیہ ٹھکانے کو لیک کر دیا
دوسری جانب عراقی مزاحمتی گروہ ’’سرایا اولیاء الدم‘‘ نےعراق کے شمالی شہر اربیل میں واقع امریکی فوجی اڈے پر ہونے والے وسیع حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
عراقی میڈیا کے مطابق آج اربیل میں واقع امریکی فوجی اڈے پرمتعدد ڈرون طیاروں و راکٹوں کی مدد سے وسیع حملہ کیا گیا تھا جبکہ داعش کے خلاف نام نہاد مقابلے کے بین الاقوامی امریکی اتحاد کے ترجمان کرنل وین ماروٹونے اس حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ان حملوں میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
مزاحمتی محاذ کے قریبی سوشل میڈیا چینل کے مطابق سرایا اولیاء الدم کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ملک میں غیر قانونی طور پر موجود امریکی فوجی اتحاد کو مخاطب کر کے تاکید کی گئی ہے کہ اگرچہ دشمن اپنے بھاری جانی و مالی نقصان کا اعلان نہیں کرتا تاہم رات کے وقت اربیل کے فوجی اڈے پر ہونے والے حملوں میں جان گنوانے والے صیہونیوں کی تعداد سے ہم آگاہ ہیں اور عنقریب ہی اس کا اعلان بھی کر دیں گے۔







