امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے فائزر اور موڈرنا ویکسین کیلئے وارننگ جاری

شیعیت نیوز: دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ فائزر اور موڈرنا ویکسین سے دل کی سوزش بڑھنے کا خطرہ ہے۔
امریکہ کی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے خبردار کیا ہے کہ فائزر اور موڈرنا کی ویکسین لگانے سے کچھ افراد کو دل میں سوجن کا خطرہ بھی ہوسکتا ہے تاہم یہ رسک محدود ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایف ڈی اے نے فائزر اور موڈرنا کی بایو این ٹیک کی ویکسین کی فیکٹ شیٹ میں دل کی سوزش کے خطرے کی وارننگ شامل کردی ہے۔ یہ وارننگ امریکہ کے سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن ( سی ڈی سی) کی ایڈوائزری کمیٹی کی جانب سے دلائل اور جامع نظر ثانی کے بعد اپ ڈیٹ کی گئی ہے۔
اسپوتنک کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکومت نے فائزر یا موڈرنا کی کورونا ویکسین لگوانے والے چند افراد میں دل بڑھنے کی شکایت ملنے کے بعد ان کمپنیوں کی ویکسین لینے والے سبھی لوگوں سے دل سے متعلق علامات پر نگاہ رکھنے کے لئے انتباہ جاری کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھیں : صیہونی حکومت پر سائبر حملہ، لاکھوں صیہونی طلباء کی انفارمیشن چوری
امراض کنٹرول اور روک تھام کے مراکز نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کورونا ویکسین لینے والوں سے سینے میں درد ، سانس لینے میں تکلیف ، تیز دھڑکن ، گھبراہٹ جیسی علامات میں سے کوئی بھی نظر آنے پر طبی مشورہ لینے کو کہا گیا ہے ۔
امریکہ کے ویکسین ایڈورس ایونٹ رپورٹنگ سسٹم میں جون کے دوسرے ہفتے کے اختتام تک مایو کارڈیٹس اور پیری کار ڈیٹس کے 12 سو سے زائد کیس رپورٹ ہوئے ہیں جب کہ مذکورہ ویکسین کی دوسری خوراک کے بعد مردوں میں ان کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل ملک امریکہ تا حال پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 6 لاکھ 17 ہزار 875 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 3 کروڑ 44 لاکھ 34 ہزار 803 ہو چکی ہے۔
کورونا وائرس کے امریکہ میں 49 لاکھ 99 ہزار 794 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 3 ہزار 916 کی حالت تشویش ناک ہے ۔