معروف ثناءخوانِ اہل بیتؑ وقوال شہید امجد صابری کو بچھڑےآج 5 برس بیت گئے
شیعیت نیوز: معروف قوال و ثناء خوانِ اہل بیتؑ امجد صابری شہید کی 5ویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سن 1976ء کو کراچی کے معروف قوال گھرانے میں آنکھ کھولنے والے امجد صابری کو قوالی ورثے میں ملی۔
انہوں نے قوالی کی ابتدائی تربیت والد غلام فرید صابری اور بڑے بھائی عظمت صابری سے حاصل کی۔ فنی تعلیم و تربیت کے بعد امجد صابری نے قوالی کے شعبے میں اس انداز سے اپنی صلاحیتوں کو منوایا کہ جس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔ امجد صابری نے بھارت، نیپال، امریکا، لندن سمیت 17 سے زائد ممالک میں پرفارمنس دی۔
اپنے والد غلام فرید صابری کے انتقال کے بعد امجد صابری ایک نئے روپ میں ابھر کر سامنے آئے اور انہوں نے باقاعدہ قوالی کا آغاز اسی کلام ’’تاجدار حرم‘‘ سے کیا، جو ماضی میں ان کے والد اور چچا کو بام عروج پر پہنچا چکا تھا۔
22 جون سن 2016ء کو لیاقت آباد میں گھر سے کچھ فاصلے پر انہیں اس وقت دہشتگردوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جب وہ ایک نجی ٹی وی کے شو میں شرکت کیلئے گھر سے روانہ ہوئے تھے۔
اس قاتلانہ حملے کے نتیجے میں امجد صابری شدید زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ کر جام شہادت نوش کرگئے۔شہید امجد صابری عاشق اہل بیتؑ تھے،انہوں نے امام حسینؑ کی شان میں بےشمار منقبتیں بھی پیش کیں اور ملک و بیرون ملک خوب داد سمیٹی، فن قوالی کی تاریخ امجد صابری کے ذکر کے بغیر ادھوری رہے گی۔







