قسم اٹھا کرکہتا ہوں کہ قبلہ اول کی آزادی کی منزل قریب آپہنچی ہے، سربراہ یحییٰ السنوار

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے غزہ کی پٹی میں سیاسی شعبے کے سربراہ یحییٰ السنوار نے کہا ہے کہ القدس اور مسجد اقصیٰ کی قابض دشمن کے قبضے سے آزادی کی منزل بہت قریب ہے۔ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب ہم مسجد اقصیٰ کو دشمن کے ناپاک پنجوں سے آزاد کرائیں گے اور وہاں پرآزادی کے ساتھ عبادت کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق غزہ میں حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ یحییٰ السنوار نے مزید کہا کہ فلسطین کے مسئلے کے خلاف سازشوں اور صیہونی دشمن کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے سے فلسطینیوں اور ان کے مؤقف پر کبھی اثر نہیں ہوااور نہ اس کے بعد کبھی ہونے والا ہے۔
غزہ میں فلسطینی مزاحمت کی حمایت میں مقامی قبائلی عمایدین کے اجتماع سے خطاب میں یحییٰ السنوار نے کہا کہ معرکہ القدس کی کامیابی میں پوری قوم کا کردار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دنیا کے75 ممالک کا امریکی صدر سے فلسطینیوں پر مظالم بند کرانے کا مطالبہ
انہوں نے کہا کہ معرکہ القدس میں فتح ونصرت میں پوری فلسطینی قوم نے کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معرکہ القدس کی فتح کی طرح جلد غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے کا بھی اعلان کیا جائےگا۔
یحیی السنوارنے زور دے کر کہاکہ قدس ہم سے باتیں نہیں چاہتا بلکہ ایسے راکٹ حملے چاہتا ہے جو مقبوضہ علاقوں کو ہلا کر رکھ دیں۔
حماس رہنما نے عرب ممالک کی طرف سے قابض اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے فیصلوں کی مذمت کی اور کہا کہ عرب ملکوں کی اسرائیل دوستی کے باوجود فلسطینی قوم اپنے حقوق کے مطالبات پرقائم ہے۔
اس موقعے پر ایک قبائلی رہنما نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میری قبر القدس میں بنے۔ اس پریحیی السنوار نے کہا کہ وہ وقت زیادہ دور نہیں جب فلسطینی قوم آزادی کی منزل سے ہم کنار ہوگی اور القدس اور مسجد اقصیٰ کو بھی دشمن سے آزاد کرایا جائےگا۔