دنیا

انتونیو گوتریس دوسری بار اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل منتخب

شیعیت نیوز: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے انتونیو گوتریس کو دوسری بار بھی سیکرٹری جنرل منتخب کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں سیشن کے صدر ولکان بوزکر نے اعلان کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اونتونیو گوتریس کا اگلی پانچ سالہ مدت کے لیے بھی انتخاب کرلیا گیا ہے۔

انتونیو گوتریس کے عہدے کے دوسرے دور کا آغاز جنوری 2022 سے ہوگا اور آئندہ 5 برس تک جنرل سیکرٹری کے عہدے پر فائز رہیں گے۔

انہوں نے پہلی بار اپنا عہدہ یکم جنوری 2017 کو سنبھالا تھا۔ اس سے قبل انتونیو گوتریس 1995 سے 2002 تک پرتگال کے وزیراعظم رہے جب کہ 2005 سے 2015 کے درمیان اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے پناہ گزین کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھاتے رہے ہیں۔

انتونیو گوتریس کو دوسری بار بھی جنرل سیکرٹری کے عہدے پر مقرر کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 8 جون کو قرار داد پیش ہوئی تھی۔ ان کی بہترین کارکردگی کے باعث اراکین نے دوسری بار بھی فیصلہ انتونیو گوتریس کے حق میں دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : عزت مآب برادر سید ابراہیم رئیسی کو ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتاہوں، وزیر اعظم پاکستان عمران خان

دوسری جانب اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ کورونا سے ہر چیز رک گئی تاہم اگر نہیں رکی تو وہ جنگ و خونریزی ہے۔

دنیا بھر ميں بے گھر افراد کی تعداد 8 کروڑ 20 لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین یواین ایچ سی آر کی رپورٹ کا المناک پہلو یہ ہے کہ بے گھر ہونے والوں کی اکثریت کا تعلق مسلمان ملکوں سے ہے۔

شام ، افغانستان، صومالیہ اور یمن میں جاری بحران اور ایتھوپیا اور موزمبیق میں تشدد کے واقعات میں اضافہ، بے گھر افراد کی تعداد میں اضافے کا سبب بنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے باوجود تقریبا 30 لاکھ افراد بے گھر ہوئے ہیں۔

یواین ایچ سی آر کے چیف کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے دوران معیشتوں سمیت ہر چیز رک گئی لیکن جنگ، تصادم ، تشدد اور امتیازی سلوک جاری ہے۔

واضح رہے کہ 2011 میں بے گھر افراد کی موجودہ تعداد کے مقابلے میں نصف سے کم یعنی4 کروڑ کے قریب تھی۔

متعلقہ مضامین

Back to top button