رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کل جمعہ کی صبح 7:00بجے اپنا ووٹ ڈالیں گے

شیعیت نیوز: رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کل بروز جمعہ صبح 7 بجے حسینیہ امام خمینی (رہ) میں ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات میں اپنا ووٹ موبائل بیلٹ بکس نمبر 110 میں ڈالیں گے۔
اطلاعات کے مطابق رہبر معظم حضرت آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای ووٹنگ شروع ہونے کے ابتدائی دقائق میں اپنا ووٹ ڈالیں گے۔
رہبر انقلاب اسلامی تیرہویں صدارتی انتخابات کے علاوہ شہری اور دیہی کونسلوں کے چھٹے ، خبرگان کونسل اور گیارہویں پارلیمنٹ کے ضمنی انتخابات میں بھی اپنا ووٹ ڈالیں گے۔
رہبر معظم آیت اللہ خامنہ ای کا انتخابات میں حصہ لینے کا پروگرام براہ راست نشر کیا جائےگا۔
دوسری جانب ایران کے صدارتی امیدواروں کی انتخابی مہم جمعرات کی صبح چھے بجے ختم ہوگئی ہے اور چوبیس گھنٹے کے اس خاموشی کے درمیان ایران کے عوام پوری سنجیدگی کے ساتھ صدارتی امیدواروں میں سے بہترین شخص کے انتخاب کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنے میں مصروف ہیں۔ ایران کے عوام جمعہ 18 جون کو نئے صدر کے انتخاب کے لیے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق صدارتی انتخابات کے لیے امیدواروں کی انتخابی مہم اگر چہ ختم ہوگئی ہے لیکن سڑکوں اور شاہراہوں پر نصب امیدواروں کے بینر اور پہلے کارڈ جمعہ کو ہونے والے جشن جمہوریت کی یاد دہانی کرا رہے ہیں ۔
محض چند گھنٹوں کے بعد اسلامی جمہوریت کے جشن کا آغاز ہونے والا ہے اور ایرانی عوام حق رائے دہی کا استعمال کرکے، منصب صدارت کے لیے بہترین شخص کے انتخاب کے لیے خود کو آمادہ کر رہے ہیں۔
تین نامزد امیدواروں کے بیٹھ جانے کے اعلان کے بعد اب چار امیدواروں امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی، عبدالناصر ہمتی، محسن رضائی اور سید ابراہیم رئیسی کے درمیان مقابلہ ہے۔
ایران کی گارجین کونسل یا شورائے نگہبان نے صدارتی انتخابات میں حصہ کے لیے سات امیدواروں کی اہلیت کی توثیق کی تھی جن میں سے علی رضا زاکانی، سعید جلیلی اور مہر علی زادے نے انتخابات سے دو روز قبل مقابلے سے دستبردار ہونے کا اعلان کردیا تھا۔
ایران کے صدارتی انتخابات کے لیے پانچ کروڑ ترانوے لاکھ دس ہزار تین سو دس افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہیں۔ عوامی مشارکت کو یقینی بنانے کے لیے ملک بھر میں سڑسٹھ ہزار پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں ۔ پولنگ صبح سات بجے شروع ہوگی اور رات بارہ بجے تک جاری رہے گی تاہم ضرورت پڑنے پر دو گھنٹے کی مزید توسیع کردی جائے گی۔