پندرہ خرداد ، افکارِ خمینی کے سامنے امریکہ کی شکست کا دن ہے، صدر روحانی
شیعیت نیوز : ایران کے صدر نے کہا ہے کہ پندرہ خرداد کو ثابت ہوگیا کہ ایک پوری طرح مسلح اور امریکہ پر تکیہ کرنے والی حکومت بھی امام خمینی (رح) کے افکار کے سامنے نہ ٹھہر سکی اور شکست سے دوچار ہوگئی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے جمعرات کو ایک زرعی پروجیکٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ امام خمینی (رح) کے نظریات اور تحریک پر یقین رکھتے تھے انھوں نے تشدد اور قید و بند کا مقابلہ کیا اور نہ صرف یہ کہ قید و بند اور دباؤ ان کا راستہ نہ روک سکا بلکہ راہگشا بن گیا اور عقل و خرد کے راستے میں حائل نہ ہو سکا۔
صدر روحانی نے کہا کہ ہم سب کو امام خمینی (رح) کی راہ پر چلنے کی ضرورت ہے تاکہ ملک کو معنوی و مادی لحاظ سے مزید پیشرفت و ترقی کے راستے پر آگے بڑھا سکیں۔ پندرہ خرداد تیرہ سو بیالیس ہجری شمسی مطابق پانچ جون انیس سو ترسٹھ، انقلاب اسلامی اور ملت ایران کی اسلامی تحریک کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ پندرہ خرداد مطابق پانچ جون کو عاشور کے دن اپنے خطاب میں امام خمینی (رح) نے شاہی حکومت کی اسلام مخالف پالیسیوں اور صیہونی حکومت کے ساتھ اس کے روابط اور سازشوں کا پردہ فاش کیا تھا۔
اس تقریر کے بعد ستم شاہی حکومت کے کارندوں نے آپ کو گرفتار کر لیا تھا۔ امام خمینی (رح) کی گرفتاری کے بعد ایران کے مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئے اور پورے ایران میں عوام کے احتجاجی مظاہرے شروع ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں : استقامتی محاذ کے علمبردار آج آیت اللہ سید علی خامنہ ای ہیں، جنرل محمد باقری
دوسری جانب صدر حسن روحانی نے ایران میں انتخابات اور رائے دھی کو اسلامی انقلاب کی دین قرار دیا ہے۔
کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، صدر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ امام خمینی (رح) نے انتخابات اور عوام کے ذریعے ملکی انتظام چلانے کا راستہ دکھایا اور ’عوام کے ووٹ ہی معیار ہیں‘ آپ کا اہم ترین نعرہ تھا۔
بانی انقلاب اسلامی امام خمینی (رح) کی برسی سے پہلے ہونے والے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ تین، چار اور پانچ جون انقلاب اسلامی اور ایران کی تاریخ کے اہم ترین اور عہدساز دن شمار ہوتے ہیں۔
صدر ایران نے کہا کہ انقلاب اسلامی کے حوالے سے امام خمینی (رح) کی فکری اساس عوامی حمایت پر استوار تھی۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رح) اس بات کے قائل تھے کہ عوام کو ملک کے اقتدار اور انتظام میں بنیادی کردار حاصل ہونا چاہیے۔
صدر ایران نے واضح کیا کہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے ہمیشہ انتخابات میں عوام کی بھرپور شمولیت پر زور دیا ہے اور ہم سب کو اس پر سختی سے کاربند رہنا چاہیے۔







