غزہ میں الہی وعدہ پورا ہوا اب یمن میں ہوگا، ایرانی کمانڈر جنرل فدوی کا بڑا بیان

شیعیت نیوز: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی آئی آر جی سی کے ڈپٹی چیف کمانڈر جنرل علی فدوی کا کہنا ہے کہ جنگ غزہ میں ہم نے الہی وعدوں کو پورا ہوتے دیکھا اور اب بہت جلد ہی یمن میں بھی اسی منظر کا مشاہدہ کریں گے۔
جنرل علی فدوی نے ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ غزہ کی جنگ میں سب نے الہی وعدوں کو پورا ہوتے دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمنوں کی فوجی طاقت مسلمانوں کے پاس موجود محدود وسائل کی بہ نسبت بہت زیادہ ہے لیکن ایمان کی طاقت سے اللہ کے وعدوں تک پہنچا جا سکتا ہے۔
جنرل فدوی نے کہا کہ باطل کے محاذ کی شکست یقینی ہے تاہم اس کی شرط یہ ہے کہ ہم اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے رہیں۔
واضح رہے کہ غزہ میں حالیہ 12 روزہ جنگ میں اسرائیل نے پوری طاقت سے غزہ پٹی پر حملے کئے لیکن وہ فلسطینی گروہوں کی میزائل طاقت کو کمزور نہیں کر سکا۔
اب پوری دنیا میں یہ بحث شروع ہو گئی ہے کہ غزہ پٹی جیسے چھوٹے سے علاقے میں رہتے ہوئے حماس ایک دوسری حزب اللہ تحریک بن گیا ہے اور اسرائیل اسے روکنے میں ناکام رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صیہونیوں کو عالمی عدالت کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے، ایرانی عدلیہ کے سربراہ
دوسری جانب ایران کے الیکشن کمیشن نے آئندہ صدارتی انتخابات میں شورائے نگہبان یا گارجین کونسل کے ذریعے اہل قرار دئے گئے سات امیدواروں کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔
ایران کے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شورائے نگہبان نے باضابطہ طور پر اہل امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ گزشتہ شب غیر سرکاری ذرائع نے امیدواروں کی فہرست کا اعلان کیا تھا تاہم ملک میں سبھی کو سرکاری اعلان کا انتظار تھا۔
بیان کے مطابق شورائے نگہبان نے جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی توثیق کی ہے ان میں، سعید جلیلی ، محسن رضائی، سید ابراہیم رئیسی، علی رضا زاکانی، سید امیر حسین قاضی زادہ ہاشمی، محسن مہر علی زادہ اور عبد الناصر ہمتی شامل ہیں۔
آئین کی دفعہ چھیاسٹھ کے تحت ، تمام نامزد امیدوار جن کی صلاحیت کی تائید ہو چکی ہے، آج سے اپنی انتخابی مہم شروع کرنے کے مجاز ہیں۔ایران کے تیرہویں صدارتی انتخابات، اٹھارہ جون کو کرائے جائیں گے۔