ایران فلسطینیوں کی کامیابی میں برابر کا شریک ہے۔ زیاد النخالہ
شیعیت نیوز: فلسطینی تنظیم جہاد اسلامی کے سکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے ایرانی سپاہ کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سے ٹیلیفون پر گفتگو میں فلسطینیوں کی موجودہ کامیابی میں شہید میجر جنرل سلیمانی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران فلسطینیوں کی کامیابی میں برابر کا شریک ہے ۔
انھوں نے کہا کہ فلسطینیوں کو اب اسرائیل کے چنگل سے اپنے آباء و اجداد کی سرزمین آزاد کرانے کا یقین ہوگیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ جنگوں میں بارہ روزہ جنگ منفرد قسم کی جنگ تھی اس جنگ میں فلسطینیوں کے اتحاد و یکجہتی کا شاندار مظاہرہ کیا۔
زیاد النخالہ نے فلسطینیوں کو دفاعی لحاظ سے مضبوط اور مستحکم بنانے میں شہید راہ قدس شہید سلیمانی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ایرانی بھائی تمام میدانوں میں ہمارے ساتھ رہے ہیں اور آپ اس کامیابی میں بھی شریک ہیں اور آپ بیت المقدس کی آزادی میں ہمارے ساتھ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : فلسطینی سیف القدس آپریشن نے صیہونی حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا، انصار اللہ
دوسری طرف فلسطینی مزاحمتی تحریک الجہاد الاسلامی فی فلسطین کے سربراہ زیاد النخالہ نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں تاکید کی ہے کہ اسرائیل کی جانب سے یکطرفہ جنگ بندی کے باوجود اس کی جانب سے جہاد جاری رہے گا۔
عرب نیوز چینل المیادین کے مطابق زیاد النخالہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ مزاحمت و جہاد آخری کامیابی اور فلسطینی قوم کی اپنے ملک کو واپسی تک جاری رہے گا۔
انہوں نے تاکید کی کہ مزاحمتی محاذ ہر قسم کی جارحیت کا دندان شکن جواب دینے کو تیار ہے۔
سربراہ جہاد اسلامی نے کہا کہ ہم نے اپنے اتحاد کے ذریعے دشمن کے مقابلے میں خوف کا توازن برقرار کر دیا ہے اور اسی کے ذریعے اب ہم عسکری طاقت کا توازن بھی بدل سکتے ہیں۔
زیاد النخالہ کا کہنا تھا کہ فلسطینی قوم کا آپسی اتحاد ہی غاصب صیہونی دشمن کے مقابلے میں حاصل ہونے والی آج کی فتح کا اصلی محرک ہے۔







