پاکستان میں آج وزیراعظم عمران خان کےاعلان پہ یوم یکجہتی فلسطین منایا گیا

شیعیت نیوز: قبلہ اول اور فلسطینی مسلمانوں پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے اعلان پر ملک بھر میں یوم یکجہتی فلسطین سرکاری سطح پر منایا گیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت تمام صوبائی دارالحکومتوں اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں ریلیاں نکالی گئیں اور اسرائیلی بربریت کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔
ان احتجاجی ریلیوں میں وفاقی وزراء سمیت شہریوں نے بھرپور شرکت کی جنہوں نے ہاتھوں میں پاکستان اور فلسطین کے پرچم اور احتجاجی نعروں پر مشتمل پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
یوم یکجہتی فلسطین کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ہر طرح کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے بھرپور قومی جوش وجذبے کے ساتھ یوم یکجہتی فلسطین منانے پر پوری و قوم کو مبارک باد پیش کی۔
واضح رہے غاصب صہیونی ریاست اسرائیل کی جانب سے گذشتہ 11 روز مسلسل جدید ہتھیاروں اور میزائلوں سے غزہ پر وحشیانہ بمباری کی گئی جس کے نتیجے میں سینکڑوں مرد وخواتین اور بچے بہیمانہ طور پر شہید ہوئے جبکہ ہزاروں شہری بے گھر ہوگئے ہیں۔