اسرائیل کی جانب سے فلسطینی بےگناہ شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانا جنگی قوانین کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے ،علامہ راجہ ناصرعباس

11 مئی, 2021 11:37

شیعیت نیوز: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے غزہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین جارحیت قرار دیاہے۔انہوں نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔شہری آبادی پر حملہ کرکے بے گناہ افراد اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانا جنگی قوانین کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے جس پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ غاصب اسرائیل مسلمانوں کے قبلہ اول پر اپنا حق جتانے کے لیے جو غیر انسانی کھیل رہا اس کا خمیازہ اس کی رہتی نسلوں کو بھی بھگتنا پڑے گا۔ایمان کی دولت سے مالا مال فلسطینی مسلمان غیرت و حمیت کا وہ پہاڑ ہیں جن سے ٹکرانے والا پاش پاش ہو کر رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں: مسجد اقصیٰ اور افغانستان میں تعلیمی ادارے پر حملہ، امت مسلمہ کو صیہونیت اور دہشتگردی کےخلاف متحد ہونا ہوگا، علامہ ساجد نقوی

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی بڑھتی ہوئی بربریت پر عالم اسلام کےنام نہاد چیمپیئن ممالک کے سکوت کو مجرمانہ خاموشی کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔ یہود نصاری باطل پر بھی مجتمع ہیں تو امت مسلمہ حق پر ہوتے ہوئے باہم کیوں نہیں ہو سکتی۔

انہوں نے کہا دنیا بھر کے مسلمان عید منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں اور فلسطینی مسلمانوں کے گھروں میں بچوں اور نوجوانوں کی لاشیں پڑی ہوئی ہیں۔ اگر امت مسلمہ نے اپنے مسلمان بھائیوں کی مشکلات اور غم کا ادراک نہ کیا تو پھر دنیا میں ان جیسا بے حس کوئی نہیں ہو گا۔ انہوں نے مسلمان حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو انتہائی اقدامات سے باز رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اگر اس شیطانی طاقت کو شرپسندی سے نہ روکا گیا تو اس کی سلگائی ہوئی آگ سب کے دامن سے لپٹی ہوئی نظر آئے گی۔

11:12 شام اپریل 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔