مشرق وسطی

کویتی رہنما کا زکوۃ‌ کا مال بیت المقدس کے فلسطینیوں کو دینے کا مطالبہ

شیعیت نیوز: کویت کے ایک سرکردہ رہنما اور سماجی کارکن طارق الشایع نے کویتی حکومت، عوام اور عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ ہے کہ وہ اپنی زکوۃ‌ کا مال بیت المقدس کے فلسطینیوں  اور مسجد اقصیٰ کے مرابطین کو دیں۔

طارق الشایع نے کہا کہ القدس کے فلسطینی مسلمان پوری مسلم امہ کی نیابت میں القدس اور مسجد اقصیٰ کے دفاع کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اس وقت پوری دنیا نام نہاد امن کے نعرے لگاتی ہے مگر القدس میں کھلے عام انسانی حقوق کو پامال کیا جا رہا ہے۔ اس پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی اس کی دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ القدس کے فلسطینی ثابت قدم اور صبر کے ساتھ دفاع القدس کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ اسرائیلی ریاست فوجی طاقت کے ذریعے القدس کے فلسطینی باشندوں کو دبانے کے مکروہ حربے استعمال کررہی ہے۔

طارق الشایع نے مزید کہا کہ القدس کے عوام مسلمانوں کی طرف سے قربانیاں دے رہے اور پورا عالم اسلام اپنی اخلاقی ذمہ داریوں کی انجام دہی سے غافل ہے۔ ایسے میں کویتی حکومت، عالم اسلام اور عرب ممالک کو چاہیے کہ وہ زکوۃ‌ کا مال بیت المقدس کے فلسطینی باشندوں میں تقسیم کریں۔

یہ بھی پڑھیں : صیہونی آباد کار نے مسجد اقصیٰ کے نمازی گاڑی تلے روند ڈالے

دوسری جانب اقوام متحدہ اور بین الاقوامی اداروں‌ میں فلسطین کے معاون وزیر خارجہ عمر عوض اللہ نے بتایا ہے کہ عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں مقبوضہ بیت المقدس کی تازہ صورت حال پر غور کیاجائے گا۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی عہدیدار نےبتایا کہ عرب لیگ کا ورچوئل اجلاس سوموار کو ہوگا جس کا واحد ایجنڈا القدس کی تازہ صورت حال اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی انتقامی کارروائیاں ہیں۔

عمر عوض اللہ نے بتایا کہ القدس میں اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری جارحانہ کارروائیوں کی روک تھام کے لیے ہرسطح پر کوششیں جاری ہیں۔ عرب لیگ کے اجلاس کے بعد اسلامی تعاون تنظیم کا بھی القدس کی صورت حال پرغور کے لیے ہنگامی اجلاس بلانے کی تیاری ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں الشیخ جراح کے مقام سے فلسطینیوں‌ کی بے دخلی اور فلسطینی شہریوں کے گھروں کی مسماری کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ فلسطین کی تازہ صورت حال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔ یہ اجلاس چین اور دوسرے ممالک کے مندوبین کے مشورے سے بلایا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button