مقبوضہ فلسطین

فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست منظم انداز میں جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے، حماس

شیعیت نیوز: اسلامی تحریک مزاحمت’’حماس‘‘ نے انسانی حقوق کی تنظیم’’ہیومن رائٹس واچ‘‘ کی اس رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے جس میں عالمی ادارے نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف منظم انداز میں نسلی امتیاز کے مظالم اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے ترجمان حازم قاسم نے منگل کے روز ایک بیان میں ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ پر اپنے ردعمل میں کہا کہ یہ رپورٹ مکمل اور سو فی صد حقائق کے مطابق اور نہتے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جرائم کے حوالے سے ہمارے مؤقف کی مکمل تائید کرتی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ میں انسانیت کے خلاف جرائم کی مذمت کرکے دنیا پر واضح‌ کیا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست منظم انداز میں جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کے بعد عالمی برادری کو اسرائیلی ریاست کا محاسبہ کرنے اور جرائم کی تحقیقات کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم سے باز آئے، عرب پارلیمانی یونین

حماس کے ترجمان نے ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کو عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ قرار دیتے ہوئے اسرائیل کے ہرسطح پر بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے۔

دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ فوراً اس معاملے میں مداخلت کرے اور یہ یقینی بنائے کہ دیگر ممالک، تنظیمیں، اور (کاروباری) کمپنیاں کسی ایسی چیز میں حصہ نہ لیں جن سے (اسرائیل) جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی حکمت عملی کو جاری رکھ سکے۔

انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ہیومن رائٹس واچ کا کہنا ہے کہ اسرائیل، مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں اور اپنے عرب شہریوں کے خلاف اپارتھائیڈ (نسلی امتیاز) اور ریاستی جبر و استبداد کے جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔

تنظیم نے اپنی ایک نئی رپورٹ میں کہا ہے کہ اسرائیل کی حکمت عملی یہ ہے کہ اپنے عرب شہریوں سمیت مقبوضہ علاقوں کے ’فلسطینیوں پر یہودی اسرائیلیوں کے تسلط‘ کو قائم رکھا جائے۔

یاد رہے کہ اپارتھائیڈ سے مراد نسلی امتیاز کی ایسی پالیسی ہے جسے ریاست کی حمایت حاصل ہواور اسے انسانیت کے خلاف ایک جرم تصور کیا جاتا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button