یمن

یمن: مآرب کے علاقے فج نقعہ پر سعودی بمباری میں 8 افراد شہید و زخمی

شیعیت نیوز: سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے صوبہ مآرب کے علاقے فج نقعہ پرشدید بمباری کی۔

المسیرہ کی رپورٹ کے مطابق سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کی صوبہ مآرب کے علاقے فج نقعہ پر بمباری میں ایک شخص شہید اور7 افراد زخمی ہوئے ۔ سعودی اتحاد یمن میں رہائشی علاقوں کومسلسل جارحیت کا نشانہ بنا رہا ہے۔

یمن کے خلاف جنگ اور جارحیت کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے جب سوئیڈن میں صنعاء اور ریاض کے وفد کے مابین 18 دسمبر 2018 کو الحدیدہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تاہم سعودی جنگی اتحاد نے اپنی ہی اعلان کردہ جنگ بندی کی ایک دن بھی پابندی نہیں کی۔

یہ بھی پڑھیں : صیہونیوں کو گلے لگانے کے بہت سارے فوائد ہیں، فیصل بن فرحان

دوسری جانب یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے کہا ہے کہ سعودی – امریکی جارح اتحاد اور ان کے پٹھو کرائے کے فوجی یمن کے بے گھر افراد کے کیمپوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس مرکز نے جمعے کے روز ایک بیان جاری کر کے یمن کے بے گھر افراد کے کیمپوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کے سعودی – امریکی جارح اتحاد اور ان کے پٹھو کرائے کے فوجیوں کے اقدام کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ اتحاد مآرب شہر کے مضافات میں بے گھر افراد کے ایک کیمپ کے بیچ میں مورچہ بنا رہا ہے۔

یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے کہا ہے کہ بے گھر افراد کے کیمپوں کا استعمال جنگی جرائم سے بھی بدتر ہے جو مآرب صوبے میں انجام دیا جا رہا ہے جبکہ یہ صوبہ سعودی عرب کے قبضے میں اور اس کے فوجیوں کے کنٹرول میں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : عراق کی عوامی رضا کار فورس حشد الشعبی نے داعش کا حملہ ناکام بنا دیا

اس مرکز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ سے رابطہ کرنا اور دنیا کے تمام حریت پسند انسانوں سے یہ اپیل کرنا چاہتا ہے کہ وہ جلد از جلد اس معاملے میں مداخلت کریں اور بے گھر یمنیوں کو غیر انسانی اقدامات سے نجات دلائيں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

سعودی عرب اپنے تمام تر وحشیانہ حملوں کے باوجود اپنا ایک بھی مقصد اب تک حاصل نہیں کر سکا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button