صیہونی دشمن کی قید سے فلسطینیوں کی رہائی اولین ترجیح ہے، خالد مشعل

29 مارچ, 2021 09:36

شیعیت نیوز: اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کےسابق سربراہ خالد مشل نے کہا ہے کہ صیہونی دشمن کی قید میں موجود فلسطینیوں کی رہائی کی کوششوں سے حماس کو اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔

ایک انٹرویو میں خالد مشعل نے کہا کہ حماس کسی صورت میں اپنے اسیر بہن بھائیوں کو فراموش نہیں کرسکتی۔ جماعت میں اسیران کے مسائل کے لیے ایک خصوصی شعبہ قائم ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ حماس کی تنظیم اور قیادت اسیران کے حقوق کو اولین ترجیح دیتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے’’وفا اسیران فنڈ‘‘ کے نام سے ایک فنڈ قائم کررکھا ہے جس میں اسیران کو صیہونی دشمن کی قید سے نکالنے کے لیے رقوم کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : تمام مذہبی انجمنیں نیمہ شعبان کے احیاء کے لئے اقدامات کریں، آیت اللہ وحید خراسانی

انہوں نے کہا کہ تمام فلسطینیوں کی رہائی حماس اور جماعت کے عسکری ونگ عزالدین القسام شہید بریگیڈ سمیت تمام فلسطینی مزاحمتی قوتوں کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے اسیران کے حقوق، ان کی بحالی اور ان کی مادی اور معنوی مدد کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اسیران کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

خالد مشعل نے کورونا کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے جماعت کے رہنماؤں عمر البرغوثی اور ڈاکٹر عدنان ابو تبانہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ملک وقوم کے لیے خدمات اور دشمن کے مظالم کے دوران ان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمر البرغوثی نے زندگی کا طویل عرصہ قابض دشمن کی قید میں گذارا۔ وہ ایک بہادر مرد مجاہد تھے اور ان کی وفات فلسطینی قوم کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

4:19 صبح مارچ 24, 2026
بریکنگ نیوز:
اوپر تک سکرول کریں۔