اہم ترین خبریںعراق

عراق: الانبار میں ہتھیاروں کے بڑے ذخیرے کا انکشاف، امریکی ڈرون طیارہ تباہ

شیعیت نیوز: عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبے الانبار میں ہتھیاروں کے بہت بڑے ذخیرے کا پتہ لگایا ہے۔ دوسری طرف امریکی فوج کا ایک ڈرون طیارہ شمالی عراق کے صوبے نینوا میں گر کر تباہ ہوگیا۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق عوامی رضاکارفورس حشدالشعبی کے مرکز اطلاعات نے اعلان کیا ہے کہ حشدالشعبی کے ایک بریگیڈ نے مغربی عراق کے صوبے الانبار میں تلاشی کی کارروائی کے دوران داعش دہشت گردوں کے ہتھیاروں کے بہت بڑے ذخیرے کا پتہ لگایا ہے۔

صوبے الانبار میں داعش دہشت گرد گروہ کا باقی بچا بھاری مقدار میں گولہ بارود موجود ہے جو گرمی اور دوسری وجوہات کی بنا پر ہونے والے دھماکوں میں عام شہریوں کے جانی نقصان کا باعث بنا ہوا ہے اور عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لئے اس صوبے میں تلاش و جستجو کی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔

مشرقی عراق میں دیالہ کے علاقے میں بھی عراقی سیکورٹی اہلکاروں نے انتقام شہدا نامی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا ہے اور اسی طرح کے اسلحے کا صوبے نینوا میں بھی انکشاف کیا گیا ہے۔

یہ ایسی حالت میں ہے کہ عراقی فضائیہ نے صوبے صلاح الدین میں اپنے فضائی آپریشن کے ذریعے داعشی دہشت گردوں کے ہتھیاروں کے گودام کو تباہ کر دیا۔

عوامی رضاکار فورس نے صلاح الدین میں داعشی دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : راکٹ حملے کے بعد اسرائیلی طیاروں کی غزہ میں بمباری

دوسری جانب دہشت گرد امریکی فوج کا ایک ڈرون طیارہ شمالی عراق کے صوبے نینوا میں گر کر تباہ ہوگیا۔

صابرین نیوز چینل کے مطابق دہشت گرد امریکی میرین فورس کا ایم کیو ون سی قسم کا یہ ڈرون طیارہ صوبہ نینوا میں تل الشعیر کے علاقے القیارہ میں گرکر تباہ ہوا ہے۔

مذکورہ عراقی چینل نے مقامی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے کو زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل سے نشانہ بنایا گیا ہے۔
پچھلے چند ماہ کے دوران عراق میں امریکی فوجی اڈوں اور فوجی قافلوں کو بارہا حملوں کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔

عراقی عوام اور اس ملک کی سیاسی و سماجی تنظیموں کی اکثریت اپنے ملک سے امریکی فوج کے انخلا کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

عراقی پارلیمنٹ بھی ایک قرارداد کے ذریعے امریکی فوجیوں کے مکمل انخلا کا مطالبہ کرچکی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button