آيۃ اللہ سیستانی کا مؤقف، امام خمینی اور آیۃ اللہ خامنہ ای کی راہ کے مطابق ہے، ہاشم الحیدری

شیعیت نیوز: عراق کے ایک گروہ عہد اللہ تحریک کے جنرل سیکریٹری سید ہاشم الحیدری نے پوپ فرانسس سے ملاقات میں آیۃ اللہ سیستانی کے حالیہ مؤقف کی قدردانی کی ہے اور کہا ہے کہ یہ مؤقف فعل اور عمل میں امام خمینی (رح) اور آیۃ اللہ سید علی خامنہ ای کی راہ اور ان کے نظریات کے مطابق ہے۔
عہد اللہ تحریک کے جنرل سیکریٹری سید ہاشم الحیدری نے کیتھولک عیسائيوں کے مذہبی پیشوا پوپ فرانسس سے ملاقات میں آيۃ اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی کے مؤقف کو خالص اسلام کا موقف بتاتے ہوئے اس کا خیر مقدم کیا۔
انھوں نے ایک بیان میں کہا کہ پوپ سے آیۃ اللہ سیستانی کی ملاقات غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے خاص طور پر اس لیے کہ آیۃ اللہ سیستانی نے اس ملاقات میں خالص اسلام کے مؤقف کو بیان کیا۔
یہ بھی پڑھیں : امام موسیٰ کاظم ؑ کے ماننے والوں کو ظلم و جبر سے ڈرایا نہیں جا سکتا، علامہ راجہ ناصر
اس بیان میں کہا گيا ہے کہ آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی نے پوپ فرانسس سے ملاقات میں جن الفاظ اور جملوں کا استعمال کیا وہ نہ صرف مضمون کے لحاظ سے بلکہ مصداق کے لحاظ سے امام خمینی (رح) اور آیۃ اللہ خامنہ ای کے نظریات اور ان کے راستے کے مطابق ہیں اور یہ وہی خالص اسلام کا راستہ ہے، رسول اللہ اور اہل بیت کا راستہ ہے۔
عہد اللہ تحریک کے جنرل سیکریٹری سید ہاشم الحیدری نے کہا ہے کہ آیۃ اللہ سیستانی نے اس ملاقات میں ہمارے خطے کی اقوام خاص طور پر مقبوضہ علاقوں میں فلسطینی قوم کے خلاف جنگ، تشدد، معاشی محاصرے، ایذا رسانی اور اسی طرح کے دوسرے اہم مسائل کے بارے میں جو باتیں کیں، وہ ایک عالم ربانی کے شایان شان تھیں۔
دوسری جانب عصائب اہل الحق نے کہا ہے کہ تکفیریوں اور ان کے حامیوں کے خلاف جدوجہد سے ہاتھ نہیں اٹھائيں گے
عراق کی عوامی تحریک عصائب اہل الحق کے سربراہ شیخ خزعلی نے فرزند رسول حضرت امام موسی کاظم علیہ السلام کے یوم شہادت کے موقع پر دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کے واقعات ہمارے حوصلوں کو پست نہیں کرسکتے، اس طرح کے واقعات سے تکفیری دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کو شکست دینے کے لئے عراقی عوام کا عزم اور زيادہ ہوجائے گا۔
عصائب اہل الحق کے بیان میں آیا ہے کہ الحشد الشعبی میں ہمارے جوان اور سیکورٹی فورسز دہشت گرد گروہوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے اپنی کارروائیاں جاری رکھیں۔