شامی وزارت خارجہ کی شام کے سرحدی علاقوں پر امریکہ کے بزدلانہ حملے کی مذمت

شیعیت نیوز: شام کی وزارت خارجہ نے امریکہ کے جنگی طیاروں کی جانب سے عراق اور شام کے سرحدی علاقوں پر ہونے والی بمباری کی مذمت کی۔ دوسری طرف امریکی فوجیوں نے جیل سے داعش کے 10 دہشت گردوں کو نکال کر شام منتقل کر دیا ہے۔
سانا کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے شام اور عراق کے سرحدی علاقوں پر امریکہ کے بزدلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے جو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے منشور کی واضح خلاف ورزی ہے کہا کہ اس قسم کے حملوں سے علاقے کی صورتحال بری طرح کشیدہ ہو جائے گی۔
شام کی وزارت خارجہ نے اس قسم کے حملوں کو امریکہ کی منفی سیاست کا شاخسانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ توقع کی جاتی ہے کہ امریکہ کی نئی حکومت قانون کی پاسداری کرتے ہوئے علاقائی اور عالمی بحرانوں سے نمٹنے کیلئے ٹرمپ حکومت کی طرح جنگل کے قانون پر عمل نہیں کرے گی۔
واضح رہے کہ کل دہشت گرد امریکہ کے جنگی طیاروں نے عراق اور شام کے سرحدی علاقے البوکمال اور القائم میں ایک گھر اور ایک اور مقام پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 30 افراد شہید اور زخمی ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : یمن پر حملے بند کرنے اور قاتلوں کے خلاف یمنی عوام کا ملک گیر مظاہرہ
دوسری جانب امریکی فوجیوں نے شمالی شام کی جیل سے داعش کے 10 دہشت گردوں کو نکال کر جنوبی شام منتقل کر دیا ہے۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا کے مطابق شام کے صوبہ الحسکہ کے مقامی حکام نے جمعے کو بتایا کہ کردوں کی زیر انتظام ایک جیل میں امریکہ کی کچھ فوجی گاڑیاں داخل ہوئیں اور وہاں پر قید داعش کے 10 دہشت گردوں کو اپنے ساتھ لے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ امریکی فوجیوں کی ان گاڑیوں نے داعش کے ان دہشت گردوں کو جنوبی شام میں منتقل کر دیا۔
بتایا جاتا ہے کہ داعش کے ان دہشت گردوں کو اردن سے ملنے والی شامی سرحد کے پاس چھوڑ دیا گیا۔
شامی ذرائع کا کہنا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں سے امریکی، شام کی فوج اور وہاں موجود اہم ٹھکانوں پر حملے کروانا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران امریکی فوج نے کردوں کے زیر انتظام متعدد جیلوں سے کئی دہشت گردوں کو عراق کی سرحد پر منتقل کیا ہے جنہوں نے بعد میں دہشت گردانہ اقدامات انجام دیئے۔