لبنان

اسرائیلی فوج کی لبنان کی فضائی اور بحری حدود میں دراندازی

شیعیت نیوز: لبنان کی مسلح افواج نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے لبنان کی فضائی اور بحری حدود کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہیں۔

لبنانی فوج کے شعبہ ’’مورل گائیڈنس لیڈرشپ‘‘ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 فروری 2021ء کو مقامی وقت کے مطابق شام 8 بج کر 45 منٹ سے 11 بج کر 55 منٹ تک چار بار اسرائیل کے جنگی طیاروں نے لبنان کی فضائی حدود میں گھس کر خود مختاری کے قانون کی خلاف ورزی کی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج کے دو طیارے جنوبی سرحد اور وای البقاع میں کئی کلو میٹر اندر گھس آئے اور دائرے کی شکل میں پرواز کے بعد واپس ہوئے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قبل ازیں منگل کے روز دن 4 بجے سے رات 11 بجے تک دشمن فوج کی جنگی کشتیاں لبنان کی بحری حدود میں داخل ہوئیں اورسیکڑوں میٹر اندر گھس آئیں اور سمندری علاقے میں روشنی کے گولے داغے۔

یہ بھی پڑھیں : کورونا قہر کے مقابلے میں بے بس بائیڈن حکومت کی ہدایت پر امریکی پرچم سرنگوں

لبنانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے ملک میں متعین اقوام متحدہ کی امن فوج ’’یونیفیل‘‘ کے ساتھ اسرائیلی فوج کی مسلسل فضائی اور بحری دراندازی کا معاملہ اٹھایا ہے اور لبنان کی خود مختاری کی خلاف ورزیاں بند کرانے پر زور دیا ہے۔

خیال رہے کہ سنہ 2006ء میں سلامتی کونسل نے متفقہ طور پر قرارداد1701  منظور کی تھی جس میں فریقین سے جنگ بندی اور ایک دوسرے پر حملے روکنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

اس قرارداد میں صراحت کے ساتھ صیہونی حکومت سے کہا گیا ہے کہ وہ لبنان پر ہر طرح کی جارحیت سے باز رہے لیکن صیہونی حکومت ، سلامتی کونسل کی اس قرارداد کی پروا کئے بغیر لبنان کی زمینی، فضائی اور بحری حدود کی خلاف ورزی کرتی رہتی ہے۔

لبنان نے ہمیشہ عالمی اداروں سے کہا ہے کہ وہ صیہونی حکومت کو اس طرح کی جارحیت کا ارتکاب کرنے سے باز رکھیں۔

متعلقہ مضامین

Back to top button