یمن

مآرب میں یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورس کی تیز رفتار پیش قدمی

شیعیت نیوز: یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورس نے سعودی اتحاد کے آلہ کار فوجی اہلکاروں کو ناکوں چنے چبواتے ہوئے مآرب ڈیم کے آس پاس کے علاقوں کا کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

العالم کے مطابق یمن کے مآرب سیکٹر پر مستعفی صدر منصور ہادی کی کمان میں جارح سعودی اتحاد کے زرخرید فوجیوں اور یمنی افواج کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے ۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ یمنی افواج نے مآرب ڈیم کے قریبی علاقوں الراک اور قاع المنجورہ نامی علاقوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔ مآرب کے مغرب میں واقع صرواح کے علاقے الطلعہ الحمرا میں بھی یمنی فوج و عوامی رضاکار فورس اور سعودی اتحاد کے زر خرید فوجیوں کے درمیان شدید جنگ ہو رہی ہے۔

رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیارے سعودی اتحاد کے زرخرید فوجیوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں ۔ جارح سعودی اتحاد کی بمبار طیاروں نے یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے ٹھکانوں پر وحشیانہ طریقے سے بمباری کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : یمن کے تمام علاقوں کو آزاد کرائیں گے، ترجمان محمد عبدالسلام

یہ بھی اطلاع ملی ہے کہ منصور ہادی کی کمان میں زرخرید فوجیوں نے اپنا جنگی سازوسامان الطلعہ الحمرا کے اسٹریٹیجک علاقے سے باہر نکال لیا ہے اور اب اس علاقے میں سعودی اتحاد کے بہت تھوڑے سے فوجی باقی بچے ہیں۔

مآرب کے مختلف علاقوں میں یمنی فوج اور عوامی رضا کار فورس کی برق رفتار پیش قدمی بدستور جاری ہے اور انھوں نے جارح سعودی اتحاد کی ایک فوجی بٹالین کو قیدی بھی بنا لیا ہے اور ان کا سارا جنگی سازوسامان اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔

ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سعودی اتحاد کے فوجیوں کی مدد و حمایت کے لئے ابوالعباس الجزائری کی سرکردگی میں داعش دہشت گرد گروہ کے ہزاروں دہشت گرد مآرب میں سرگرم ہوگئے ہیں ۔

دریں اثنا یمنی فوج نے اعلان کیا ہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں نے الحدیدہ میں فائر بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران اس صوبے کے مختلف علاقوں پر ایک سو اڑتالیس بار بمباری کی ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button