اہم ترین خبریںیمن

یمن کے تمام علاقوں کو آزاد کرائیں گے، ترجمان محمد عبدالسلام

شیعیت نیوز: انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا ہے کہ یمن سے تمام غیر ملکیوں کو نکالنا یمن کے عوام کا فرض ہے۔

فارس کی رپورٹ کے مطابق انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ یمن کے عوام کو یمن کی فوج اور عوامی رضاکار فورسز سے تعاون کرنا چاہئیے تا کہ یمن کے کسی بھی صوبے، شہر اور علاقے میں دشمن کا وجود نہ رہے اور یمن کے عوام کو چاہئیے کہ وہ مآرب کے عوام کی طرح اٹھ کھڑے ہوں۔

انصاراللہ کے ترجمان نے یمنی عوام سے کہا کہ وہ نام نہاد سعودی اتحاد کے خلاف متحد ہو جائیں۔

محمد عبدالسلام نے لکھا ہے کہ غیر ملکی قابض قوتوں کو نکال باہر کرنا ہر آزاد یمنی کا فریضہ اور تمام صوبوں کی آزادی کے لئے قومی سپوتوں کے ساتھ مکمل تعاون آج کی اہم ضرورت ہے تاکہ کسی صوبے میں دشمن کے لئے قدم رکھنے کی جگہ تک باقی نہ بچے کیونکہ دشمن مأرب کے مانند اپنے زیر قبضہ صوبوں کی انسانی عظمت کو پائمال کرتے ہوئے اُسے مظلوم یمنی عوام کو فوجی حملوں کا نشانہ بنانے کے لئے استعمال کرنا چاہتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : سعودی اتحاد کے فوجیوں کے پاس ہتھیار ڈالنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہوگا، عبد اللہ الحاکم

دوسری جانب یمنی فوج کا کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کے آلۂ کاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران الحدیدہ میں 148 بار جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مختلف علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن کے صوبے الحدیدہ پر جارح سعودی اتحاد کےجنگی طیاروں اور ڈرون نے پروازیں کیں، توپخانوں کے گولے اور میزائل داغے اور بھاری اور ہلکے ہتھیاروں سے حملے کر کے 148 مرتبہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کی۔

یمن کے خلاف جنگ اور جارحیت کا سلسلہ ایسے وقت میں جاری ہے جب سوئیڈن میں صنعاء اور ریاض کے وفد کے مابین 18 دسمبر 2018 کو الحدیدہ میں جنگ بندی کا معاہدہ طے پایا تاہم سعودی جنگی اتحاد نے اپنی ہی اعلان کردہ جنگ بندی کی ایک دن بھی پابندی نہیں کی۔

واضح رہے کہ سعودی عرب اور اس کے بعض اتحادی ممالک، امریکہ اور دیگر مغربی ملکوں کی حمایت کے زیر سایہ مارچ دو ہزار پندرہ سے یمن پر وحشیانہ حملے کر رہے ہیں اس عرصے میں دسیوں ہزار یمنی شہری شہید و زخمی جبکہ دسیوں لاکھ یمنی بے سر و سامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

 

 

متعلقہ مضامین

Back to top button