اہم ترین خبریںپاکستان

ایم ڈبلیوایم کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس، مسئلہ کشمیر عالمی عدالت میں اٹھانے کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف پارلیمانی لیڈر برائے سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کشمیرکی آزادی تک بھارت کو چین کا سانس لینے نہیں دیں گے۔

شیعیت نیوز: آل پارٹیز کانفرنس نے کشمیر کا مسئلہ عالمی عدالت میں اٹھانے کا مطالبہ کردیا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں کراچی پریس کلب میں مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ شعبہ سیاسیات کے زیر اہتمام منعقدہ تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں شرکاء نے حکومت سے کشمیری بھائیوں کی حمایت کے لیے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات، اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظمیوں سے کشمیریوں پر جاری بھارتی جارحیت اور فوجی مظالم کا نوٹس لینے کے ساتھ ان کی حمایت میں کردار ادا کرنے اور اجلاس میں شریک تمام پارٹیوں سے کشمیر کی آزادی تک وہاں کے شہریوں کی حمایت جاری رکھنے کے مطالبات پر مبنی قراردادیں منظور کی گئیں۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر عباس زیدی اور علی حسین نقوی نے کہا کہ ہمیں کشمیریوں کی حمایت کے لیے سفارتی اور دیگر فورمز پر ضروری کردار ادا کرنا ہوگا۔ ہمیں کشمیر کے اندر رہنے والوں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ آج بھی کشمیری اپنے شہیدوں کو پاکستانی پرچم میں دفن کرتے ہیں یعنی وہ آج خود کو پاکستان کہتے ہیں کہ وہ بھارتی تسلط میں ہونے کے باوجود پاکستانی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران سے مقابلہ بائیڈن حکومت کی خارجہ ترجیحات میں سرفہرست، خصوصی ٹیم کے احکامات

پاکستان تحریک انصاف پارلیمانی لیڈر برائے سندھ اسمبلی فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ کشمیرکی آزادی تک بھارت کو چین کا سانس لینے نہیں دیں گے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کشمیریوں کی حمایت میں بھارت کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا لائحہ عمل واضح کردیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ گزشتہ برس پانچ فروری کے علاوہ یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا۔

سردار عبدالرحیم نے کہا کہ بھارت کو کشمیری مظالم پر اینٹ کا جواب پتھر سے دینے کے لیے ملک معاشی ترقی دینا ہوگی، کشمیریوںکادفاع ہر پاکستانی پر فرض ہے، ہمیں اپنی خارجہ پالیسی میں کشمیر کو وہی اہمیت دینی ہوگی جو اس مسئلے کا حق ہے۔

پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ارشدہ وہرہ کا کہنا تھاکہ کشمیر پاکستان کا اٹوٹ انگ ہے لیکن عالمی اداروں کے لئے یہ مسئلہ اہم نہیں ہے جبکہ اسلامی ممالک کی ترجیح بن گئی ہے۔ اس سلسلے کشمیریوں کی اپنی قربانیاں رنگ لارہی ہیں، اور بھارت اپنے منطقی انجام کو پہنچ رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہمارے خلاف جاری ڈرٹی گیم کا خاتمہ ناہوا تو جلدہمیں اسلام آباد میں ایوانوں کے باہرپاؤ گے،علامہ راجہ ناصرعباس

متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما جاوید حنیف نے کہاکہ ہم اس پلیٹ فارم سے کشمیر پر بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ کشمیر میں ساڑھے سات بھارتی فوجیوں نے آٹھ کروڑ کشمیریوں کو محصور کیا ہے پھر بھی کشمیری اپنے حقوق سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں جو ان کی ثابت قدمی کا مظہر ہے۔ہم نے کشمیر کے لیے تین جنگیں لڑی۔کشمیر کے مسئلے پر پاکستان گوشہ نشین ہوچکا ہے۔ بھارت ایک بڑی معیشت ہے اور اس کی جمہوریت میں بہت لچک ہے، کشمیر کی جدوجہد کشمیریوں کے ذریعے ہوگی۔

آل پارٹیز کانفرنس سے آل پاکستان سنی تحریک کے رہنما مطلوب اعوان قادری، پاکستان عوامی تحریک کےرہنما راؤ کامران مغل،مجلس ذاکرین امامیہ کے صدرعلامہ نثار قلندری، جمعیت علمائے پاکستان کے رہنماعلامہ قاضی احمد نورانی،چیئرمین کراچی تاجر اتحاد عتیق میر، فیڈریشن براڈ کاسٹنگ و وارثی انٹرنیشنل کے چیئرمین اسامہ خان وارثی ،ایم ڈبلیوایم کے رہنماعلامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ اظہر نقوی ، میر تقی ظفر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ مضامین

Back to top button