اہم ترین خبریںعراق

عراق میں داعش کا نائب خلیفہ ابو یاسر العیساوی ہلاک

شیعیت نیوز: عراقی سیکورٹی فورسز نے داعش دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں ایک بڑی کامیابی حاصل کرلی اور داعش کے نائب خلیفہ ابو یاسر العیساوی کو ہلاک کر دیا۔

عرب ٹی وی چینل المیادین نے خبر دی ہے کہ عراق کی سیکورٹی فورسز نے داعشی دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے دوران داعش عراق کے امیر ابو یاسر العیساوی کو ہلاک کردیا ہے۔

ابو یاسر العیساوی خود کو داعش کے خلیفہ کا جانشین اور نائب خلیفہ بھی کہلواتا تھا۔ عراقی وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر بھی یہ خبر شیئر کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف کارروائی کیلئے اسرائیل کے ساتھ ملکر امریکہ پر دباؤ ڈالا جائے، بحرین

واضح رہے کہ دو ہفتے قبل داعش کی جانب سے بغداد میں الطیران اسکوائر میں ہونےوالے دو خودکش بم دھماکوں میں 35 افراد جاں بحق اور 110 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

عراق کی وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے حملے میں خودکش حملہ آور نے خود کو بیمار ظاہر کرنے کی کوشش کی اور جیسے ہی لوگ اس کی مدد کے لئے آگے بڑھے تو اس نے اپنی کمر پر بندھے دھماکہ خیز مواد کو اڑا دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تھوڑی دور پر کھڑے دوسرے دہشت گرد نے جب یہ دیکھا کہ لوگ زخمیوں کی مدد کے لئے جمع ہوگئے ہیں تو اس نے بھی خودکش دھماکہ کر دیا۔

دوسری جانب عراق کے خبری ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد کے گردو نواح میں امریکی فوجی اڈے وکٹوریا پر کئی راکٹ داغے گئے ہیں۔

صابرین نیوز کی رپورٹ کے مطابق عراق میں کل رات بغداد ایر پورٹ کے اطراف میں امریکہ کے فوجی اڈے پر متعدد راکٹ داغے گئے۔

راکٹ حملوں کے بعد خطرے کے سائرن بجنے لگے۔ ابھی تک اس حملے میں جانی نقصان کے حوالے سے کوئی رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔ اور باقاعدہ طور پر اس کا اعلان بھی نہیں کیا گیا ہے۔ چند ہفتے قبل بھی التاجی اور البلد کے امریکی فوجی اڈوں کے قریب راکٹوں سے حملہ ہوا تھا۔

عراقی عوام اور سیاسی اور مذہبی جماعتیں ملک سے امریکی فوجیوں کے انخلا کا مطالبہ کر رہی ہیں جبکہ عراق کی پارلیمنٹ نے بھی اس ملک سے امریکہ کے دہشت گرد فوجیوں کے انخلا کا بل اکثریتی رائے سے منطور کیا ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button