مقبوضہ فلسطین

فلسطینی خواتین قیدیوں پر اسرائیلی فوجیوں کا حملہ

شیعیت نیوز: اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی خواتین کی جیل پر حملہ کر کے کئی فلسطینی عورتوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ دوسری طرف فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل بے لگام آگے بڑھ رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق فلسطینی ذرائع نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عورتوں کی جیل کے صیہونی سیکورٹی اہلکاروں نے اچانک فلسطینی خواتین قیدیوں پرحملہ کیا انھیں زدو کوب کیا اور ایک 19 سالہ فلسطینی لڑکی نوال فتحیہ کی آنکھوں اور ہاتھوں کو باندھ کر قید تنہائی میں رکھا اور دیگر قیدیوں کو کچن میں بند کردیا۔

فلسطینی ذرائع نے حال ہی میں کہا تھا کہ اسرائیل کی جیلوں میں قید 295 فلسطینی قیدی کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔

اسرائیل کی جیلوں میں 4400 فلسطینی قیدی ہیں۔ اور موثق اطلاعات کے مطابق جیل کے حکام فلسطینی قیدیوں کی جان کو کوئی اہمیت نہیں دیتے اور انہیں طرح طرح کی جسمانی اور روحی ایذاؤں کا نشانہ بناتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عراقی فوج اور حشد الشعبی کا داعش کے خلاف مشترکہ آپریشن ،7 ٹھکانے تباہ 3 دہشت گرد گرفتار

دوسری جانب فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ نے فلسطینی علاقوں کی موجودہ صورت حال پر خبردار کرتے ہوئے بین الاقوامی امن کانفرنس کے انعقاد کو ضروری اور مؤثر قرار دیا۔

فلسطینی اتھارٹی کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے مغربی ایشیا کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے آنلائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس قسم کی کانفرنسوں کا انعقاد فلسطین – اسرائیل تنازعہ میں تبدیلی کا ایک سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ فلسطینی علاقوں کی صورت حال مسلسل ابتری کی جانب گامزن ہے اور صیہونی حکومت واحد اور دائمی غاصب حکومت کی حیثیت سے بے لگام آگے بڑھتی جا رہی ہے۔

المالکی نے غاصبانہ توسیع پسندی کی ترغیب اور صیہونی آبادکاری کی حمایت پر مبنی امریکہ کی سابق ٹرمپ حکومت کے اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فلسطین کو نجات دلانے کی کوششوں پر زور دیا اور کہا کہ بیت المقدس کی مرکزیت میں فلسطینی مملکت کے قیام کے لئے کسی بھی طرح کی کوشش سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد تئیس چونتیس کے مطابق مقبوضہ علاقوں میں صیہونی حکومت کی کسی بھی قسم کی سرگرمیوں پر پابندی ہے، مگر اس کے باوجود خود ساختہ و غاصب صیہونی حکومت، فلسطینیوں کے مکانات کو مسمار اور صیہونی کالونیاں تیار کر کے اپنی تسلط پسندانہ کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ مضامین

Back to top button