کراچی،تمام تر رکاوٹو ں کے باجودسردارانِ شہدائے مدافعان حرم اہل بیت ؑ اور شہدائے مچھ کی یاد میں یاد گارمجلس عزاکا انعقاد، قوم کے اتحاد کا عظیم مظاہرہ
شیعیت نیوز: سردارانِ شہدائے مدافعان حرم اہل بیت ؑ شہید قاسم سلیمانی ،ابو مہدی المہندس اور شہدائے مچھ کی یاد میں ایک یادگار مجلس عزا کا انعقاد امام بارگاہ شہدائے کربلا انچولی میں منعقد ہوئی ۔ اس عظیم الشان مجلس عزا میں جہاں علمائے کرام کی بڑی تعداد میں شرکت رہی وہیں ملک کے نامور ذاکرین عظام نے بھی بے مثال شرکت کرکے ملی اتحاد کا شاندار مظاہرہ کیا اور قوم کو تقسیم کرنے کی دشمن کی تمام تر سازشوں کو ناکام بنادیا۔
مجلس عزا سےخصوصی خطاب مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کیا جبکہ فضائل ومصائب اہل بیتؑ شاعرآل عمران جناب شوکت رضا شوکت نے بیان کیئے، دیگر مقررین میں ذاکر اہل بیتؑ نوید عاشق بی اے،علامہ مختارامامی، علامہ باقرزیدی، علامہ نثار قلندری ، علامہ مرزایوسف حسین، علامہ صادق جعفری، علامہ علی انور جعفری شامل تھے ۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے ساتھ دوستی کرنے والے ممالک اور سعودی عرب واحد مقصد کیلئے کوشاں ہیں
اس مجلس عزا میں ملک کے نامور شعراءو منقبت خواں جناب سہیل شاہ، جناب شادمان رضا،جناب مسیب رضوی ، جناب رضوان زیدی وپسران، جناب میثم جعفری نے بارگاہ شہداء میں نذرانہ عقیدت پیش کیا، بعد ختم فضائل و مصائب اہل بیت ؑ بین الاقوامی شہرت یافتہ نوحہ خواں جناب عرفان حیدر رضوی نے نوحہ خوانی کی ۔
مجلس عزا کا انعقاد مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن، جعفریہ الائنس ،آئی او ، ہیت آئمہ مساجد وعلمائے امامیہ، مجلس ذاکرین امامیہ، مرکزی تنظیم عزااور مرکزی تنظیم عزاداری کی جانب سے کیا گیا۔ شہربھر سے عزادران حسینی، مذہبی ، سماجی شخصیات ، علمائے کرام، ذاکرین عظام، ماتمی انجمنوں کے عہدیداران نے بھر پورانداز میں شرکت کی ۔ اس مجلس عزاکےانعقاد کو ملک بھرمیں خوش آئند قرار دیا جارہاہےجس میں ماتمی نمازی ، مقصر غالی کی تفریق کو ختم کردیا گیااور قوم کے تمام طبقات ایک فرش عزا پر نظر آئے۔
یہ بھی پڑھیں: جوبائیڈن کےبرسراقتدار آتے ہی داعش کا سراٹھاناکیا محض اتفاق ہے؟؟ریٹائرڈ ایئر مارشل شاہد لطیف نے حقیقت بتادی
واضح رہے کہ سردارانِ شہدائے مدافعان حرم اہل بیت ؑ شہید قاسم سلیمانی ،ابو مہدی المہندس اور شہدائے مچھ کی یاد میں منعقدہ اس مجلس کے انعقاد میں بھرپور روڑے اٹکائے گئے۔ مجلس عزا کے بینرز اور پینافلیکس شہر کی اہم شاہراہوں سے اتار لیئے گئے ، دھمکیاں دی گئیں لیکن شیعیان حیدر کرار ؑ کی بیدار شرکت نے واضح کر دیا کہ شہداء ہمارے سر کا تاج ہیں جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا۔







